• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حرمین شریفین کے انتظامی عہدوں پر مزید 10 خواتین کا تقرر

شائع August 16, 2020
حرمین شریفین میں پہلے بھی خواتین کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا چکا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
حرمین شریفین میں پہلے بھی خواتین کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا چکا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

حرمین شریفین کے انتظامات دیکھنے والے ادارے نے مزید 10 خواتین کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت کسوہ کعبہ کے انتظامی عہدوں پر تعینات کردیا۔

عرب اخبار عرب نیوز کے مطابق حرمین شریفین کے انتظامات دیکھنے والے ادارے جنرل پریزیڈنسی افیئر آف ہولی ماسک کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کی جانب سے جاری بیان میں مزید 10 خواتین کے تقرر کی اجازت دی گئی۔

تعینات کی گئی تمام 10 نئی خواتین کو حرمین شریفین کے مختلف شعبوں میں اہم انتظامی عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

حرمین شریفین میں اعلیٰ عہدے پر خدمات دینے والی کمیلیا الدادی کے مطابق تعینات کی گئی خواتین کو انجینئرنگ، ایڈمنسٹریشن اور سپروائزر کے عہدوں سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق تعینات کی گئی خواتین دونوں مساجد میں موجود اہم عمارتوں کے اعلیٰ عہدوں پر خدمات سر انجام دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار خواتین حرمین شریفین کے انتظامی عہدوں پر تعینات

تعینات کی گئی خواتین غلاف کعبہ کی تبدیلی، لائبریری اور گیلری سمیت دیگر عمارتوں میں فرائض انجام دیں گی۔

حرمین شریفین کے انتظامات دیکھنے والے ادارے کے مطابق چوں کہ مقدس مقامات کو دیکھنے کے لیے آنے والے زائرین کی نصف تعداد خواتین پر مشتمل ہوتی ہے، اس لیے وہاں پر خواتین افسران کو تعینات کیا جانا لازم بن چکا تھا۔

مذکورہ 10 خواتین سے قبل گزشتہ برس مارچ میں حرمین شریفین میں ڈاکٹر فاطمہ بنت زید الرشود کو خواتین کے امور کی معاون سیکریٹری تعینات کیا گیا تھا۔

خواتین کے امور کی معاون سیکریٹری کا عہدہ تمام خواتین کے عہدوں سے بڑا ہے، مذکورہ عہدہ حرمین شریفین کے انتظامی امور دیکھنے والے ادارے کے صدر کے بعد خواتین کا دوسرا بڑا عہدہ ہے۔

ڈاکٹر فاطمہ بنت زید الرشود سے قبل ستمبر 2018 میں بھی حرمین شریفین میں 41 خواتین کو انتظامی عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا۔

حرمین شریفین میں پہلی مرتبہ ستمبر 2018 میں ہی خواتین کو تعینات کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مقدس مقامات پر خواتین کی تعیناتی وژن 2030 کے تحت کی گئی تھی۔

مقدس مقامات سمیت گزشتہ چند سال میں سعودی عرب کی حکومت نے دیگر شعبہ جات میں بھی خواتین کو نمایاں آزادیاں دی ہیں اور اب وہاں خواتین نہ صرف ڈرائیونگ کر سکتی ہیں بلکہ وہ گھر کے کسی بڑے مرد کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر بھی کر سکتی ہیں۔

اسی طرح اب سعودی خواتین غیر محرم مرد کے ساتھ نوکری بھی کرسکتی ہیں اور اب انہیں اداکاری کرنے کی اجازت بھی حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024