• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی سمیت سندھ میں جمعہ سے اتوار تک بارش کی پیش گوئی

شائع August 13, 2020
کراچی میں بارشوں کا یہ پانچواں اسپیل ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی
کراچی میں بارشوں کا یہ پانچواں اسپیل ہوگا—فائل فوٹو: اے پی پی

محکمہ موسمیات نے جمعہ کی شام سے اتوار (14 سے 16 اگست) کے درمیان کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کردی۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی شام سے اتوار کے دوران مزید مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ سے جمعہ کی شام یا رات سے اتوار کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، شہید بینظیرآباد، تھرپارکر، میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ اور مٹھی میں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں تیسرے روز بھی بارش، بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ کراچی میں بارشوں کا یہ پانچواں اسپیل ہوگا، جس میں شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ 6 سے 8 تاریخ تک شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی جبکہ گزشتہ ماہ کے اوائل سے آخر تک شہر قائد نے 3 مون سون کے اسپیل دیکھے تھے، جس میں شہریوں کو انتظامی عدم توجہی کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رواں ماہ کے شروع میں ہونے والی بارشوں میں شہر کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے تھے جبکہ شہر کے کچھ نالوں کی صفائی ہونے کے باعث صورتحال گزشتہ ماہ سے کچھ حد تک بہتر نظر آئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ہونے والی بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے نالوں کی صفائی نہ ہونے اور نالے بپھرنے کی وجہ سے زیر آب آگئے جس کے باعث لوگوں کے لیے باران رحمت، زحمت میں تبدیل ہوگئی تھی۔

یہی نہیں بلکہ ان بارشوں کے دوران 2 درجن سے زائد افراد کرنٹ لگنے اور مختلف حادثات میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

بارشوں کے بعد سامنے آنے والی شہر کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے پر تنقید کی اور وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو اس سب کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم

اسی تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو ہدایت کی تھی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور شہر کی صفائی شروع کریں۔

جس پر کراچی میں این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او نے 3 بڑے نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی کراچی کی صفائی اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو سونپ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024