• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس: ملک میں 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد کیسز، 2 لاکھ 61 ہزار 246 صحتیاب

شائع August 11, 2020 اپ ڈیٹ August 12, 2020
ملک میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک 2 لاکھ 85 ہزار 759 مصدقہ کیسز میں سے 2 لاکھ 61 ہزار 246 صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 124 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

آج (11 اگست) ملک میں کورونا وائرس کے مزید 743 کیسز سامنے آئے جبکہ 17 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں سے 91 فیصد سے زائد صحتیاب ہوگئے ہیں تاہم حکام کی جانب سے اب بھی یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو وائرس دوبارہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اس کے بعد سے کیسز کی تعداد میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہوا تاہم گزشتہ ماہ سے اس تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں سامنے آنے والے کیسز اب سیکڑوں تک پہنچ گئے ہیں۔

اس وبا کے ملک میں آتے ہی پہلے تعلیمی ادارے اور بعد ازاں کاروباری مراکز، تفریحی مقامات، سنیما گھر، شادی ہالز سمیت مختلف شعبوں کو بند کرتے ہوئے کہیں مکمل اور کہیں جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

تاہم بعد ازاں حکومت نے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے ان پابندیوں میں نرمی کی اور اب 10 اگست سے یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم ہوگئی ہیں، البتہ تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بدستور بند ہیں۔

حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں اور شادی ہالز سے متعلق آئندہ ماہ فیصلہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

اگر اعداد و شمار کی بات کریں تو آج آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس صورتحال پر بیان جاری کرتے ہوئے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 429 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 556 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں وبا سے مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوگیا جس کے بعد اب تک جاں بحق مریضوں کی تعداد 2290 ہوچکی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 109 افراد کو متاثر کیا جبکہ 4 افراد جان سے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 109 کیسز کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 94 ہزار 586 ہوگئی۔

اسی طرح 4 اموات نے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 174 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 20 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 20 مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 281 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 104 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 859 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس کے مزید 4 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات 1235 ہوگئی ہیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے اپنی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 956 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا سے کوئی نئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، یوں بلوچستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 138 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثرہ علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 31 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

ان نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 371 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

کورونا وبا سے ملک میں سب سے کم متاثرہ حصے آزاد کشمیر میں نئے کیسز میں 9 اور اموات میں ایک کا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 150 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اموات کی تعداد ایک کے اضافے سے 59 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں نئے کیسز رپورٹ ہورہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی سامنے آرہی ہے اور اب تک ملک میں 91 فیصد سے زائد مریض شفا پاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 482 افراد صحتیاب ہوئے اور مجموعی تعداد کو 2 لاکھ 61 ہزار 246 تک پہنچا دیا۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 285759

اموات: 6124

صحتیاب: 261246

فعال کیسز: 18389

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 556 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 586 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 859 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 956 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 281 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 150 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 371 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2290

پنجاب: 2174

خیبرپختونخوا: 1235

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 171

آزاد کشمیر: 59

گلگت بلتستان: 57


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024