• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملہ، 30 سے زائد افراد زخمی

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھماکے کی شدید مذمت کی — فوٹو: ڈان نیوز
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھماکے کی شدید مذمت کی — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے میں 33 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ ریلی کے مخالف سمت کے روڈ پر مرکزی ٹرک کے قریب دھماکا ہوا جبکہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیر صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے دھماکے میں 33 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں سے 11 کو آغا خان، 10 کو لیاقت نیشنل، 7 کو جناح اور 5 کو المصطفیٰ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سینئر سپرنٹندنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی ساجد سدوزئی نے کہا کہ ریلی میں 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے آر جی ڈی ون گرینیڈ پھینکا اور فرار ہوگئے، جبکہ یہ پلانٹڈ بم دھماکا نہیں تھا۔

قبل ازیں ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: دستی بم حملے میں رینجرز کے سابق افسر جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

عینی شاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی میں دستی بم پھینکا گیا، ریلی بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر کی جانب جارہی تھی جبکہ دھماکا حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریر کے دوران ہوا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھماکے کی شدید مذمت کی۔

تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو مہمیز نہیں کیا جاسکتا اور بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کراچی میں جماعت اسلامی کی یکجہتی کشمیر ریلی پر بم حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں اب بھی بھارتی ایجنٹ موجود ہیں جن سے اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی برداشت نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اہل کشمیر کی زیادہ جرات کے ساتھ ترجمانی کریں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں احساس پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق

کریکر حملے میں 3 افراد زخمی

کورنگی کے علاقے میں کریکر حملے کے دوسرے واقعے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے کہا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کورنگی کے علاقے میں ناصر پمپ کے قریب ایک اسٹیٹ ایجنسی پر دیسی ساختہ دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔

دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ دو زخمیوں کو سینے جبکہ ایک کو آنکھ میں زخم آئے تاہم سب کی حالت مستحکم ہے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد کہا کہ یہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اور اس میں دہشت گردی کا کوئی عنصر شامل نہیں تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024