• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm

ایلین ڈیجنرس کے شو کے ملازمین کو جنسی ہراساں کیے جانے کا انکشاف

شائع August 4, 2020
اداکارہ سے شو چھوڑنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے—فوٹو: رائٹرز
اداکارہ سے شو چھوڑنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے—فوٹو: رائٹرز

خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے خلاف 2017 میں شروع ہونے والی ’می ٹو‘ مہم کی سرکردہ رہنما، امریکی اداکارہ، ٹی وی میزبان اور کامیڈین 62 سالہ ایلین ڈیجنرس کے شو میں کام کرنے والے متعدد ملازمین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کافی عرصے تک جنسی ہراساں کیا جاتا رہا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایلین ڈیجنرس کے کامیاب ترین ریئلٹی کامیڈی شو کے ملازمین نے اپنے ہی اعلیٰ عہدیداروں پر جنسی ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

بز فیڈ میں شائع مضمون کے مطابق ایلین ڈیجنرس شو کے ساتھ کام کرنے والے کم از کم 4 درجن سابق اور حالیہ ملازمین نے شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر استحصال کرنے، ناروا سلوک روا رکھے جانے سمیت جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ایلین ڈیجنرس شو کے تمام ملازمین نے اپنی شناخت کو خفیہ رکھنے کی شرط پر بز فیڈ کو بتایا کہ انہیں شو کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار استحصال اور جنسی ہراسانی کا نشانہ بناتے رہے۔

الزام لگانے والے ملازمین میں مرد ملازمین بھی شامل ہیں اور انہوں نے بھی مرد پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

بز فیڈ کے مطابق ایلین ڈیجنرس شو کے اعلیٰ عہدیداروں پر الزامات لگانے والے زیادہ تر ملازمین کے مطابق انہیں یقین ہے کہ استحصال اور ناروا سلوک سے متعلق ایلین ڈیجنرس کو کوئی علم نہیں ہوگا۔

ایلین ڈیجنرس شو کے ملازمین نے گزشتہ ماہ جولائی میں بز فیڈ کو جنسی استحصال اور ناروا سلوک کے حوالے سے بتایا تھا، جس کے بعد شو کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے اندرونی تفتیش کا اعلان کیا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایلین ڈیجنرس کے شو کے ملازمین کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد وارنر برادرز نے اندرون خانہ تفتیش کرنے کے بعد کئی تبدیلیاں بھی متعارف کرائی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ تفتیش مکمل نہیں ہوئی اور تمام الزامات سچ ثابت نہیں ہوئے تاہم یہ کمپنی نے ملازمین کے استحصال اور ان کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کام کی جگہ پر کئی تبدیلیاں بھی متعارف کروائیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوتیلے والد نے 15 برس کی عمر میں جنسی ہراساں کیا، ایلین ڈیجنرس

رائٹرز نے اپنی ایک اور خبر میں بتایا کہ وارنر برادرز کی جانب سے دی ایلین ڈیجنرس شو میں کام کی جگہ پر کئی تبدیلیاں متعارف کرائے جانے کے باوجود کئی لوگ اداکارہ سے شو سے الگ ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق لوگوں کی جانب سے ایلین ڈیجنرس سے شو چھوڑنے کے مطالبے کے بعد اداکارہ کی پارٹنر 47 سالہ پورشیا ڈی روسی نے ان کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

ایلین ڈیجنرس کی پارٹنر اداکارہ پورشیا ڈی روسی کے مطابق انہیں یقین ہے کہ ان کی ساتھی کے شو پر غلط الزامات لگائے جا رہے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ایلین ڈیجنرس کا ساتھ دیں گی۔

پورشیا ڈی روسی اور ایلین ڈیجنرس گزشتہ 12 سال سے تعلقات میں ہیں۔

ایلین ڈیجنرس شو انتظامیہ کی جانب سے تبدیلیاں متعارف کروائے جانے اور کمپنی کی جانب سے اندرونی تفتیش کروائے جانے کے باوجود کئی لوگ اب بھی ایلین ڈیجنرس سے عہدہ چھوڑنے اور شو سے الگ ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

تاہم ایلین ڈیجنرس نے تاحال اس حوالے سے خود کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ ایلین ڈیجنرس کا شو 2003 سے جاری ہیں اور انہیں این بی سی نیٹ ورک کے ٹی وی چینلز پر نشر کرنے سمیت متعدد ویب اسٹریمنگ چینلز اور سوشل میڈیا سائٹس پر نشر کیا جاتا ہے۔

ایلین ڈیجنرس شو کا شمار دن میں دیکھے جانے والے سب سے زیادہ شوز میں ہوتا ہے اور ان کے ریئلٹی کامیڈی شو کا اب ساتواں سیزن چل رہا ہے۔

ان کے شو نے 171 ایمی ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز جیت رکھے ہیں اور ان کے شو میں کئی نامور شخصیات شامل ہوچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024