• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں ڈھائی لاکھ کے قریب مریض صحتیاب، اموات 6 ہزار سے زائد

شائع August 4, 2020 اپ ڈیٹ August 5, 2020
پاکستان میں کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں 2 لاکھ 80 ہزار 846 مصدقہ کیسز میں سے 2 لاکھ 49 ہزار 397 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 9 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔

آج 4 اگست کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 565 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 524 افراد ایسے تھے جو وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بڑی تعداد میں کمی نے امید کی کرن پیدا کردی ہے اور اس وقت ملک میں فعال کیسز 25 ہزار سے کچھ زیادہ رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ سے اس وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی تھی۔

تاہم ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا جو اپریل کے مہینے سے بڑھنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کیسز میں کافی تیزی دیکھی گئی جبکہ جولائی کے مہینے میں بھی مجموعی صورتحال معتدل رہی تاہم یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں کمی کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹ کا کم ہونا بھی ہے لیکن حکومتی عہدیدار اس کمی کو اپنی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے بھی جوڑتے ہیں۔

اگر اگست کے ابتدائی 3 روز کی بات کریں تو اس میں عید کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم نظر آئی۔

آج 4 اگست کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 311 کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے صورتحال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 922 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 311 کے نتائج مثبت آئے۔

جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 16 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 5 اموات کا اضافہ بھی ہوا جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 231 تک جاپہنچی۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 139 نئے کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے پورٹل کے مطابق ان نئے 139 کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 93 ہزار 336 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 5 اموات کا اضافہ صوبے میں اموات کی تعداد کو 2 ہزار 153 تک لے گیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 19 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 کی جان لے لی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 نئے مریض سامنے آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 95 ہوگئی۔

مزید برآں 2 افراد کے انتقال کے باعث دارالحکومت میں مجموعی اموات 167 تک جاپہنچیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 71 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 324 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 5 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں وبا سے اموات کی تعداد 1213 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 3 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 11 ہزار 780 ہوگئی۔

منگل کو بھی صوبے میں وائرس سے کوئی نئی موت واقع نہیں ہوئی اور مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 136 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ دیگر علاقوں کے مقابلے میں کم ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 18 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 198 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 4 کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 97 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا کیسز میں سے ایک بڑی تعداد اب تک صحتیاب ہوچکی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 524 مریض کورونا وائرس سے شفایاب ہوئے اور یوں مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 397 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 280846

اموات: 6009

صحتیاب: 249397

فعال کیسز: 25440

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 22 ہزار 16 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 93 ہزار 336 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 324 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 780 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 95، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 97 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 198 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2231

پنجاب: 2153

خیبرپختونخوا: 1213

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 167

گلگت بلتستان: 55

آزاد کشمیر: 54


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024