• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

5 اگست کو یوم استحصال کے پیشِ نظر یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا

شائع August 3, 2020
—تصویر: ڈان نیوز
—تصویر: ڈان نیوز

وزارت مواصلات کی جانب سے 5 اگست کو یومِ استحصال منانے کے پیشِ نظر خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا۔

آزادی ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کے موقع پر پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں وزیراطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مواصلات نے کہا کہ 5 اگست کو ہندو توا کی سوچ اور نئے دور کے ہٹلر مودی کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو ایک برس مکمل ہوجائے گا اس پر پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ کا اجرا کیا۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ پاکستان پوسٹ یونیورسل پوسٹل یونین کا رکن ہے پوری دنیا میں ڈاک کی ترسیل ہوتی ہے جس میں اس ٹکٹ کا استعمال کیا جائے گا، دنیا کے سفارتخانوں میں یہ ٹکٹ جائے گا، بین الاقوامی میڈیا، ملکی میڈیا اور عوام اس ٹکٹ کو استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں نے 5 اگست کے بھارتی اقدامات مسترد کردیے، وزیر خارجہ

انہوں نے بتایا کہ اس ڈاک ٹکٹ میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو 365 روز مکمل ہونے کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس میں بنی ہوئی زنجیر کشمیر کو پوری دنیا سے الگ کرنے کی نمائندگی کرتی ہے، اس کے علاوہ اس میں بھارت کے باوردی دہشت گرد، اور جس بچے کے سامنے اس کے نانا کو شہید کردیا گیا تھا اسے بھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں تک یہ ڈاک ٹکٹ جائے گا اس سے کشمیر میں ہونے والے بھارت مظالم اور فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہوگا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اس ڈاک ٹکٹ کا مقصد کشمیریوں پر بھارت کے ظلم و بربریت کو اجاگر کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: 5 اگست کو ملک بھر میں یومِ استحصال منانے کا اعلان

شبلی فراز نے کہا کہ 5 اگست کو جہاں جہاں کشمیری اور پاکستانی موجود ہیں وہ تقاریب کا انعقاد کریں گے اور دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھائیں گے جس کا اقوامِ عالم کو احساس ہونا چاہیے اور ہم یہ احساس دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور اسے یومِ استحصال کے طور پر منائیں گے، انہوں نے اپیل کی کہ اس روز پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرا کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔

سری نگر ہائی وے کا افتتاح

بعدازاں سری نگر ہائی وے کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس سڑک کا جو بھی نام تھا اب اس کا نام سری نگر ہائی وے ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے اقدامات سے بھارت کی تقسیم کا آغاز ہوگیا ہے

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی خود بھارت کی بربادی کے پروانے پر دستخط کیے اور اب کشمیر آزاد ہوگا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ برہان وانی کو شہید کر کے یہ سمجھے تھے کہ جدو جہد آزادی دم توڑ دے گی لیکن اس سے چنگاری ایک روشن الاؤ میں تبدیل ہوگئی اور اب کشمیری نوجوان تحریک آزادی کو مزید آگے لے کر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر بن کر پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے اور سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیر کے لیے پاکستان کا ہر بچہ، بزرگ، مائیں بیٹیاں سب متحد ہیں اور سب کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

یاد رہے کہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 5 اگست 2019 کو صدارتی فرمان کے ذریعے اپنے آئین میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ بھارت نے اس یکطرفہ اقدام سے قبل ہی مقبوضہ وادی میں کرفیو کی طرز کا لاک ڈاؤن کرتے ہوئے اضافی فوج تعینات کردی تھی جبکہ وادی میں مواصلاتی نظام کو بھی معطل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو بے نقاب کرنے کیلئے 5 اگست کو ملک بھر میں پروگرام ہوں گے، شبلی فراز

بھارت کے اس اقدام کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے جبکہ عالمی سطح پر بھی اس اقدام کی مذمت کی گئی تھی۔

اب اس بھارتی اقدام اور بی جے پی حکومت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے رواں برس 5 اگست کو یومِ استحصال منانے کا اعلان کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024