• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کورونا سے صحتیاب

شائع August 3, 2020
بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن—فائل فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن—فائل فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن 3 ہفتوں تک زیر علاج رہنے کے بعد ممبئی کے ہسپتال سے ڈسچارج ہوگئے۔

اس بات کی تصدیق ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بذریعہ ٹوئٹ کی کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔

مزید پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص، ہسپتال منتقل

نانا وتی سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں زیرعلاج ابھیشیک بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد کا ٹیسٹ منفی آگیا اور وہ گھر میں آرام کریں گے۔

علاوہ ازیں خود امیتابھ بچن نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ میرا کووڈ کا ٹیسٹ منفی آیا اور مجھے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد میں گھر میں قرنطینہ میں آگیا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ خدا کے کرم، ماں بابوجی کی برکتوں، دوستوں، مداحوں، قریبی لوگوں اور عزیزوں کی دعاؤں اور ناناوتی ہسپتال میں نرسنگ اور بہترین دیکھ بھال نے میرے لیے یہ ممکن بنایا کہ میں یہ دن دیکھ سکوں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اسٹار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد 11 جولائی کو انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ ابھیشیک بچن کی اہلیہ اور معروف بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی 8 سالہ بیٹی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ گزشتہ ہفتے ہی صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کووڈ 19 کو شکست دینے میں کامیاب

77 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔

اس کے ساتھ ہی وہ سابق سیاست دان اور ٹی وی ہوسٹ بھی ہیں اور ان کا پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی کافی مشہور ہوا ہے۔

بچنز کو اکثر بالی وڈ کا پہلا خاندان کہا جاتا ہے، جہاں امیتابھ بچن کی اہلیہ جایا بچن بھی اداکارہ ہیں اور وہ ایک مرتبہ پارلیمنٹ کی رکن بھی رہی ہیں۔

تاہم گھر کے 4 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے باوجود جایا بچن اس عالمی وبا سے محفوظ رہی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024