• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چین کا پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط عسکری تعلقات بنانے کی خواہش کا اظہار

شائع August 1, 2020
دفاعی اتاشی  نے  پیپلز لبریشن آرمی  کے قیام کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر آئی ایس پی آر کا دورہ کیافوٹو: اسکرین شاٹ—
دفاعی اتاشی نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر آئی ایس پی آر کا دورہ کیافوٹو: اسکرین شاٹ—

چین نے خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات میں شراکت مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین رونگ نے پاکستان میں چینی سفارت خانے کے وفد کے ساتھ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا دورہ کیا۔

اس حوالے سے آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چینی وفد نے یہ دورہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی(پی ایل اے) کے قیام کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔

مزید پڑھیں: اشتعال دلایا گیا تو اپنی پوری طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف

بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے چینی وفد کا خیرمقدم کیا اور پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ پر چینی وفد کو مبارک باد بھی دی۔

چینی وفد کے نام پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے، پاک -چین تزویراتی تعلقات کا اہم جزو ہیں اور ہمیں دونوں مسلح افواج کے مابین رادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

اس موقع پر چینی وفد نے آئی ایس پی آر میں یادگار تقریب کی میزبانی پر اظہار تشکر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین رونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے ملٹری تعلقات گزرتے وقت کےساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔

میجر جنرل چین وین رونگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری قائم ہے اور چین، کورونا وائرس کے دوران پاکستان کی جانب سے تمام شعبوں میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی کورونا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریوں کی ہدایت

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے بھی پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کے ملٹری تعلقات دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کاستون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔

چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات میں نئی شراکت کے لیے چین ، پاکستان سے مزید وسیع اور مضبوط ملٹری تعلقات کی خواہش رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024