• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

راحت فتح علی خان کا 'غم عاشقی تیرا شکریہ' مقبول

شائع July 31, 2020
گانا جاری ہوتے ہی مقبول ہوگیا—اسکرین شاٹ
گانا جاری ہوتے ہی مقبول ہوگیا—اسکرین شاٹ

ایوارڈ یافتہ معروف گلوکار و موسیقار استاد راحت فتح علی خان نے بڑی عید پر مداحوں کو تحفہ دیتے ہوئے نیا گانا 'غم عاشقی تیرا شکریہ' ریلیز کردیا۔

راحت فتح علی خان کی جانب سے رومانوی گیت کو ریلیز کرنے سے قبل گزشتہ ماہ جون میں دعائیہ کلام ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

استاد راحت فتح علی خان نے ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ 13 جون کو ریلیز کیا تھا، جسے کورونا کی وبا کے باعث بے حد مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی خان کا دعائیہ کلام ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ سب کو بھاگیا

’اے خدا ہمیں بخش دے‘ دعائیہ کلام کو کورونا کی وبا کی وجہ سے ہی ریلیز کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ سے ہی خبریں تھیں کہ راحت فتح علی خان ایک رومانوی گانا بھی جلد ریلیز کریں گے۔

دو دن قبل ہی راحت فتح علی خان نے 'غم عاشقی تیرا شکریہ' کا ٹیزر جاری کیا تھا، جس سے شائقین نے خوب سراہا تھا اور 30 جولائی کو گلوکار نے ٹوئٹر پر نئے گانے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

'غم عاشقی تیرا شکریہ' کی شاعری معروف رومانوی شاعرہ پروین شاکر کی ہے، تاہم گانے کو مزید اچھا بنانے کے لیے اس میں دوسرے بول بھی شامل کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: راحت فتح علی خان کا نیا رومانوی گانا ’بنجارے‘

'غم عاشقی تیرا شکریہ' کی موسیقی کامران اختر نے ترتیب دی ہے جب کہ مذکورہ گانے کو سلمان احمد نے پروڈیوس کیا ہے، جو اس سے قبل بھی گلوکار کے متعدد مقبول گانے پروڈیوس کر چکے ہیں۔

گانے کو یوٹیوب سمیت دیگر میوزک چینلز پر ریلیز کیا گیا ہے اور گانے جاری ہوتے ہی مقبول ہوگیا اور شائقین نے 'غم عاشقی تیرا شکریہ' کو گلوکار کی جانب سے مداحوں کے لیے عید کا خوبصورت تحفہ قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024