• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ٹیلر سوئفٹ کے آٹھویں میوزک ایلبم کا ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ

شائع July 26, 2020
گلوکارہ کے ایلبم کی 24 گھنٹوں میں 13 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
گلوکارہ کے ایلبم کی 24 گھنٹوں میں 13 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی پاپ گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات کی فہرست میں شامل 30 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے کورونا کی وبا کے باوجود اپنا آٹھواں میوزک ایلبم ریلیز کرکے سب کو حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے آٹھویں میوزک ایلبم ’فوک لورے‘ کو کورونا کی وبا کے باوجود 24 جولائی کو ریلیز کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے اپنے آٹھویں میوزک ایلبم کو ریلیز کرنے سے متعلق مداحوں کو محض 24 گھنٹے قبل ہی بتایا تھا، ورنہ عام طور پر گلوکارہ کے میوزک ایلبم سے متعلق ایک سال قبل ہی چہ مگوئیاں شروع ہوجاتی ہیں۔

گلوکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیے جانے کے بعد ’فوک لورے‘ کو 24 جولائی کو ریلیز کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے کئی میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹس پر پہلے نمبر پر آگیا۔

رائٹرز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کا میوزک ایلبم آئی ٹیون میوزک ویب سائٹ پر دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا جب کہ دیگر ویب سائٹس پر بھی میوزک ایلبم نے نئے ریکارڈز بٹورے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے آٹھویں میوزک ایلبم کے ریلیز ہونے کے 24 گھنٹےکے اندر ہی اس کی 13 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جو ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اقتصادی جریدے فوربز کے مطابق ’فوک لورے‘ کو میوزک ویب سائٹ اسپاٹی فائے پر ریلیز ہونے کے چند ہی گھنٹوں بعد 8 کروڑ افراد نے سنا جو ایک ریکارڈ ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپاٹی فائے پر 8 کروڑ بار سنا جانے والا ٹیلر سوئفٹ کا میوزک ایلبم اتنی بڑی تعداد میں گلوکارہ کا سنا جانے والا پہلا ایلبم بھی بن گیا جب کہ ان کے ایلبم نے 2020 کا سب سے زیادہ سنے جانے والے میوزک ایلبم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

ٹیلر سوئفٹ کے میوزک ایلبم کی کامیابی اور اس کی جانب سے ریکارڈز بنائے جانے پر کئی میوزک و شوبز ویب سائٹس نے گلوکارہ کے گانوں کی تعریف کی۔

ٹیلر سوئفٹ کے میوزک ایلبم کی تعریفیں اس لیےبھی کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے تمام گانوں کو کورونا کی وبا کے دنوں میں لاک ڈاؤن میں تیار کیا اور اسے وبا کے دنوں میں ہی ریلیز کردیا۔

مذکورہ ایلبم میں گلوکارہ کے 16 گانے شامل ہیں اور ایلبم کو متعدد میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹس سمیت ان کی اپنی ویب سائٹ پر بھی ریلیز کیا گیا جب کہ یوٹیوب پر بھی ان کے گانے ریلیز کیے گئے۔

آٹھویں ایلبم کے تمام گانے ٹیلر سوئفٹ نے دیگر نغمہ نگاروں کے ساتھ مل کر لکھے ہیں جب کہ ان کی موسیقی بھی انہوں نے خود ترتیب دی ہے اور اسے لیبل کمپنی ‘ری پبلک‘ کے تحت ریلیز کیا گیا۔

اسی لیبل کمپنی کے تحت ہی گلوکارہ کا ساتواں ایلبم بھی ریلیز کیا گیا تھا، جو 11 ماہ قبل اگست 2019 کو جاری کیا گیا تھا، ان کے ساتویں ایلبم میں 18 گانے شامل تھے۔

ٹیلر سوئفٹ نے چھٹا میوزک ایلبم ’ریپیوٹیشن‘ 2017 میں ریلیز کیا تھا اور گلوکارہ نے ماضی کے تمام چھ ایلبم ایک ہی لیبل کمپنی ‘بگ مشین‘ کے تحت ریلیز کیے۔

پاپ گلوکارہ نے پانچواں میوزک ایلبم ’1989‘ اپنی پیدائش کے سال کے نام سے 2014 میں جاری کیا اور اس ایلبم نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔

ٹیلر سوئفٹ نے اپنا چوتھا ایلبم ’ریڈ‘ 2012 میں جاری کیا جب کہ تیسرا اسٹوڈیو ایلبم ’اسپیک ناؤ‘ اکتوبر 2010 میں ریلیز کیا تھا۔

گلوکارہ کا چھٹا ایلبم 2017 میں ریلیز ہوا—پرومو فوٹو
گلوکارہ کا چھٹا ایلبم 2017 میں ریلیز ہوا—پرومو فوٹو

انہوں نے دوسرا ایلبم ’فیئرلیس‘ 2008 میں ریلیز کیا اور اسی ایلبم نے بھی گلوکارہ کے پہلے ایلبم کی طرح کافی شہرت حاصل کی۔

اپنے پانچویں ایلبم کو انہوں نے اپنے پیدائش کے سال کا نام دیا—پرومو فوٹو
اپنے پانچویں ایلبم کو انہوں نے اپنے پیدائش کے سال کا نام دیا—پرومو فوٹو

گلوکارہ نے پہلا میوزک ایلبم ’ٹیلر سوئفٹ‘ کے نام سے 17 برس کی عمر میں 2006 میں ریلیز کیا تھا، جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی۔

ریڈ ایلبم کو انہوں نے 2012 میں ریلیز کیا—پرومو فوٹو
ریڈ ایلبم کو انہوں نے 2012 میں ریلیز کیا—پرومو فوٹو

گلوکارہ نے محض 14 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 10 گریمی ایوارڈز سمیت کئی اعلیٰ میوزک ایوارڈ جیت رکھے ہیں، وہ 2019 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں پہلے نمبر پر تھیں جب کہ رواں سال 2020 میں اسی فہرست میں 25 ویں نمبر پر ہیں۔

گلوکارہ نے گزشتہ سال نومبر میں امریکی میوزک ایوارڈز میں آرٹسٹ آف دی ڈیکیڈ (دہائی کی بہترین فنکارہ) اور آرٹسٹ آف دی ایئر (سال کی بہترین فنکارہ) سمیت مجموعی طور پر 6 جیتے تھے۔

نئے 6 ایوارڈز جیتنے کے بعد ٹیلر سوئفٹ کے مجموعی امریکی میوزک ایوارڈز کی تعداد 29 ہوگئی تھی جو مائیکل جیکسن سے زیادہ ہے۔

گلوکارہ نے دوسرا ایلبم فیئرلیس جاری کیا—پرومو فوٹو
گلوکارہ نے دوسرا ایلبم فیئرلیس جاری کیا—پرومو فوٹو

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024