• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دشمن لابی کی وجہ سے حکومت کلبھوشن کی وکیل بنی ہوئی ہے، احسن اقبال

شائع July 26, 2020
—فائل فوٹو: اے پی پی
—فائل فوٹو: اے پی پی

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن لابی نے کام کیا جس کے باعث آج حکومت کلبھوشن یادیو کی وکیل بنی ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ شرم آتی ہے کشمیری عوام اور نوجوانوں کا سامنا کرتے ہوئے جو کشمیر کا پرچم تھام کر بھارتی گولیوں کا سامنا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: احسن اقبال نے وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کے لیے نیب میں درخواست دائر کردی

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کشمیر پر قبضے کے خلاف پاکستان، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس بھی نہ بلا سکا۔

احسن اقبال نے اپنی جماعت کے خلاف سازش کرنے والے کرداروں کو سامنے لانے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو نشانہ بنانے کے لیے ہماری پارٹی کو 2018 کے انتخابات میں ہرایا گیا اور 'پاکستان مخالف لابی' نے سازش کی، ملک میں بداعتمادی کے بیج بو کر اداروں کے درمیان اختلافات کو ہوا دی گئی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ابھرتے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زمین بوس کردیا اور دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ سفید ہاتھی بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیامر منصوبہ فوڈ سیکیورٹی کا منصوبہ ہے، یہ منصوبہ بھی نیلم جہلم کی طرح بن جائے گا جبکہ دو سال پرانا پی سی ون دیامر کےلیے لایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کو چُپ رہنے اور پیچھے ہٹنے کے پیغامات دیے جاتے رہے، مریم اورنگزیب

احسن اقبال نے کہا کہ دیامر ڈیم کے لیے منصوبہ بندی نہ کی تو 4 ہزار ارب روپے میں مکمل ہوگا۔

سیکریٹری جنرل مسلم لیگ (ن) نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک جمہوری مارشل لا طرز پر نہیں چل سکتا جس سے ملک تباہ ہوگیا۔

احسن اقبال نے بھارت کے عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط معیشت کی وجہ سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو آنکھیں دکھا رہا ہے اور اب نئی دہلی نے ہیمر میزائل خرید لیے اور ہم سوچ رہے ہیں کہ دفاع پر خرچ کیا جائے یا تعلیم و صحت پر۔

اس موقع پر احسن اقبال نے عید الاضحیٰ کے بعد اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی میں حکومت سے نجات کے لیے لائحہ عمل طے کریں گی جبکہ اپوزیشن متفق ہے کہ حکومتی پالیسیاں ملک کے لیے خطرہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سال میں ٹیکس ریونیو نہیں بڑھ رہا جبکہ دشمن نئے خطرات لے کر کھڑے ہیں اور عوام کی تعلیم و صحت کے لیے کہاں سے پیسے لائیں گے؟

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ دفاع کے لیے لوگوں کی صحت و تعلیم کا پیسہ دینا پڑے گا جس سے لوگ ننگے ہو جائیں گے جبکہ ملک میں ویژن، قیادت و صلاحیت، اعتماد و فیصلہ سازی کا بحران ہے۔

مزید پڑھیں: 'معیشت کی بربادی' پر احسن اقبال حکومت پر برس پڑے

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت برباد کردی، ہم دنیا کی 25 معیشتوں میں پاکستان کو لے جارہے تھے جسے اب موجودہ حکومت سب سے نیچے لے آئی ہے جبکہ بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور بھوٹان آگے بڑھ رہے ہیں۔

احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ 'اس کا ذمہ دار کون ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024