• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اداکارہ سلمیٰ ظفر کے سعود اور جویریہ پر سنگین الزامات

شائع July 24, 2020
فوٹو: سلمیٰ ظفر فیس بک
فوٹو: سلمیٰ ظفر فیس بک

سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اداکار سعود اور ان کی اہلیہ اداکارہ جویریہ سعود پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان کے ایک کروڑ جب کہ عام ملازمین کے بھی ہزاروں روپے کھا گئے۔

سوشل میڈیا پر سلمیٰ ظفر کی وائرل ہونے والی 35 منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو میں انہیں سعود اور ان کی اہلیہ پر سنگین الزامات لگائے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق سعود اور ان کی اہلیہ کی جانب سے بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس میں اداکاروں اور ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے جب کہ ملازمین کو تنخواہیں تک نہیں دی جاتیں۔

سلمیٰ ظفر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعود اور جویریہ کے ساتھ کئی سال تک کام کیا مگر انہیں پیسے ادا نہیں کیے اور ان کے دونوں میاں بیوی کے اوپر ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

سینیئر اداکارہ نے سعود اور جویریہ پر پروڈکشن ہاؤس کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے کے الزامات بھی عائد کیے اور بتایا کہ وہ ملازمین کو کھانا بھی احسان کے طور پر کھلاتے تھے۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ جویریہ اور سعود نے ماہانہ 7 ہزار روپے کی تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کیں جب کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو 10 کے کام کے بدلے 4 دن کے پیسے دیے۔

ویڈیو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کی کرپشن اور ان کی جانب سے ملازمین کے پیسے کھائے جانے کے شواہد موجود نہیں، تاہم وہ سچ بول رہی ہیں۔

سلمیٰ ظفر کو ویڈیو میں جذباتی ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جب کہ 35 منٹ کی ویڈیو میں وہ بار بار دعویٰ کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ نہ کبھی جھوٹ بولتی ہیں اور نہ ہی اب جھوٹ بول رہی ہیں۔

سعود کے حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے ان پر خواتین کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔

یہ بھی پڑھیں: جویریہ اور سعود کا عالیشان گھر

سلمیٰ ظفر نے الزام لگایا کہ خواتین کی جانب سے پیسے مانگے جانے پر سعود انہیں انتہائی فحش گالیاں دیتے تھے اور یہ کہ وہ عورتوں کی کمائی پر چلنے والا مرد ہے۔

سلمیٰ ظفر نے جویریہ سعود پر بھی کئی الزامات لگائے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ حال ہی میں جب جویریہ عمرہ کرنے گئیں تو انہوں نے ان کی پوسٹ پر بقایاجات کی ادائیگی کا کمنٹ کیا تو اداکارہ نے انہیں بلاک کردیا۔

ویڈیو میں سلمیٰ ظفر نے سعود اور جویریہ کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی اور ساتھ ہی انہیں خبردار کیا کہ وہ ان سے اپنا حق ہر حال میں لے کر رہیں گی۔

ویڈیو میں سلمیٰ ظفر نے بتایا کہ سعود اور جویریہ پہلے کہاں رہتے تھے اور کیسے زندگی گزارتے تھے اور اب وہ کہاں رہتے ہیں اور کیسے زندگی گزار رہے ہیں؟

طویل ویڈیو میں سلمیٰ ظفر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کے کئی راز ہیں جن پر اب بھی وہ پردہ ڈال رہی ہیں اور وہ ان رازوں کو ابھی سامنے نہیں لا رہیں۔

سلمیٰ ظفر نے ویڈیو میں سعود کو خبردار کیا کہ اگرچہ ان کے پاس ثبوت نہیں، تاہم وہ اپنا حق قانونی اور جسمانی طریقے سے لینا جانتی ہیں اور وہ ایمان کی طاقت کے ساتھ اپنا حق لے کر رہیں گی۔

انہوں نے سعود اور جویریہ کو پیغام دیا کہ غریب ملازمین اور اداکاروں کے پیسے کھانے پر انہیں بد دعائیں لگیں گی۔

سلمیٰ ظفر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تاحال سعود اور جویریہ نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024