• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ججز مخالف ویڈیو ازخود نوٹس: ملزم افتخار کا معافی ناموں کے باوجود صحت جرم سے انکار

شائع July 23, 2020
چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی—فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ میں عدلیہ اور ججز خاص طور پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف توہین آمیز ویڈیو ازخود نوٹس کیس کے ملزم مولوی افتخار الدین مرزا نے معافی نامہ جمع کرانے کے باوجود صحت جرم سے انکار کردیا جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے گواہان اور شواہد طلب کر لیے۔

عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عدلیہ مخالف ویڈیو جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، جہاں ملزم مولوی افتخار الدین مرزا پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ملزم افتخار الدین مرزا نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ توہین عدالت کیس میں اپنا دفاع کریں گے، لہٰذا ٹرائل کورٹ کے فیصلے تک عدالت عظمیٰ کارروائی روکے۔

اس پر بینچ کے رکن جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ میں مقدمہ صرف توہین عدالت کا ہے، معافی ناموں کے باوجود صحت جرم سے انکاری ہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے۔

مزید پڑھیں: ججز کیخلاف توہین آمیز ویڈیو ازخود نوٹس: ملزم افتخار الدین پر فرد جرم عائد

عدالت میں سماعت کے دوران وکیل افتخار الدین نے ایک ہی ویڈیو پر 2 مقدمات بننے پر اعتراض کیا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک ویڈیو میں 4 قوانین پامال کیے گئے ہیں تو ہر ادارہ مروجہ طریقے سے اپنے قانون کا اطلاق کرے گا جبکہ ٹرائل کورٹ اپنے شواہد پرفیصلہ ‏کرے گی۔

ساتھ ہی جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ سائبر کرائم اور دہشت گردی کے قوانین کا توہین عدالت سے تعلق نہیں، ویڈیو میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکی دی گئی جو فوجداری جرم ہے، ہرجرم کے ٹرائل کا طریقہ، شواہد اور سزا الگ ہوتی ہے۔

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹرائل کورٹ اپنے شواہد پر فیصلہ کرے گی، جس کے بعد عدالت نے افتخار الدین مرزا کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کردی۔

ساتھ ہی عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے گواہان اور شواہد طلب کر لیے جبکہ ملزم کے ‏وکیل کو چارج کرنے اور اس کے تمام ثبوت کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی، اب اس کیس کی مزید سماعت 3 ہفتے بعد ہوگی۔

علاوہ ازیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جمع کروائی گئی پیش رفت رپورٹ میں بتایا گیا کہ موبائل ‏ریکارڈ کے مطابق ملزم کے 486 نمبرز کی فہرست میں سابق فوجی افسران اور سویلین ‏شامل ہیں۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم کے بیرون ممالک رابطے ہیں جبکہ زیادہ رابطے والے 26 نمبرز کا ‏ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید یہ کہ افتخار الدین مرزا کے 19 بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 15 جولائی کو سپریم کورٹ نے عدلیہ اور ججز مخالف توہین آمیز ویڈیو ازخود نوٹس کیس میں ملزم آغا افتخار الدین مرزا کی معافی کی استدعا ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کردی تھی۔

معاملے کا پس منظر

خیال رہے کہ 24 جون کو سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے پولیس کو ایک درخواست دی تھی جس میں کہا گیا کہ ان کے خاندان کی زندگی خطرے میں ہے کیونکہ انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ 'میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ ہوں جو سپریم کورٹ کے جج ہیں اور انہیں قتل کی دھمکی دی گئی ہے'۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے مزید کہا تھا کہ ایک شخص نے ویڈیو میں کہا تھا کہ ان کے شوہر کو سرعام گولی ماری جائے، ساتھ ہی انہوں نے اپنی شکایت کے ساتھ دھمکی آمیز ویڈیو پیغام پر مشتمل یو ایس بی بھی جمع کروائی تھی۔

بعد ازاں اگلے ہی روز چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے آغا افتخار الدین کی ججز، عدلیہ کے خلاف اس ویڈیو کلپ کا نوٹس لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس: ایف آئی اے نے مرزا افتخار الدین سے متعلق رپورٹ جمع کرادی

جس کے بعد 26 جون کو پہلی سماعت پر عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیا اور آغا افتخار مرزا کو طلب کیا تھا اور اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ ایف آئی اے نے الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی ہے۔

عدالتی کارروائی کے بعد آغا افتخار کو حراست میں لیا گیا تھا اور 30 جون کو انسداد دہشت گردی عدالت نے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے آغا افتخار الدین مرزا کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کردیا تھا۔

بعدازاں 9 جولائی کو سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ و دیگر ججز سمیت عدلیہ مخالف اور توہین آمیز ویڈیو ازخود نوٹس کیس میں مولوی آغا افتخار الدین مرزا کی غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024