• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رشتے کرانے والی بھارتی آنٹی کے'انڈین میچ میکنگ' میں چرچے

شائع July 21, 2020
شو کی کہانی شادی کے رشتوں کے گرد گھومتی ہے—پرومو فوٹو:
شو کی کہانی شادی کے رشتوں کے گرد گھومتی ہے—پرومو فوٹو:

ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس نے چند روز قبل ہی شادی کے رشتوں پر بنی سیریز 'انڈین میچ میکنگ' ریلیز کی تھی جس کی پہلی قسط ہی نشر ہوتے بھارت میں دھوم مچ گئی۔

'انڈین میچ میکنگ' ایک ریئلٹی شو کی طرح کا ڈراما ہے، جس میں سیما تپاریا نامی ایک آنٹی کو رشتے کرواتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

'انڈین میچ میکنگ' میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح جنوبی ایشیا اور خصوصی طور پر بھارت میں شادی کے لیے رشتے طے کرنا مشکل کام ہے۔

ریئلٹی شو میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکے والے کس طرح کی لڑکی کی تلاش میں درجنوں لڑکیوں کو مسترد کردیتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں آئیڈیل لڑکی نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلیکس نے بولی وڈ فلموں کی پروڈکشن بھی شروع کردی

'انڈین میچ میکنگ' میں رنگت، جسامت، قد، تعلیم، جسمانی خدوخال اور لڑکیوں کی نسوانیت کو بھی رشتوں سے جوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ لڑکوں کے خاندان اپنی مستقبل کی بہو کے لیے کس طرح کی ڈیمانڈس کرتے ہیں۔

درجنوں افراد نے ڈرامے کو بھارت کے سماج کا آئینہ قرار دیا—فوٹو: رائٹرز
درجنوں افراد نے ڈرامے کو بھارت کے سماج کا آئینہ قرار دیا—فوٹو: رائٹرز

'انڈین میچ میکنگ' کو نیٹ فلیکس پر جاری کرتے ہوئے بھارت میں سوشل میڈیا پر سماج میں جاری فرسودہ روایات پر نئی بحث شروع ہوگئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 'انڈین میچ میکنگ' میں شادی کے رشتوں کے معاملات کو دکھائے جانے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ڈرامے کو انڈیا کی سماج کی بہتر عکاسی قرار دیا۔

درجنوں صارفین کا کہنا تھاکہ بھارتی سماج میں اب بھی شادیوں کے رشتوں کے نام پر لڑکیوں کی تذلیل کی جاتی ہیں اور لڑکوں کی مائیں اپنے بیٹوں کے لیے خوبصورت سے خوبصورت لڑکی کی تلاش کرتی رہتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر 'انڈین میچ میکنگ' کے ڈائلاگز کو بھی بڑے پیمانے پر شیئر کرکے بحث کی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر بحث کی جا رہی ہے کہ مائیں اپنے بیٹوں کے لیے 5 فٹ 3 انچ کے قد والی، نسوانیت سے بھرپور، گوری چٹی اور تعلیم یافتہ لڑکیاں چاہتی ہیں۔

ڈرامے کے کچھ مناظر کو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں سے ایک منظر میں دکھایا گیا ہے کہ رشتے والی آنٹی کو ایک لڑکے کی والدہ بتاتی ہیں کہ ان کے بیٹے نے 150 لڑکیوں کی شادی کی پیش کش مسترد کی۔

اسی طرح ڈرامے کا ایک اور ڈائیلاگ بھی شیئر کیا جا رہا ہے جس میں رشتے والی آنٹی کہتی ہیں شادی کے رشتے کے لیے دونوں خاندان کی عزت اور لاکھوں ڈالر کی سرمایہ ہوتی ہے، اس لیے رشتہ ان کے لیے عزت کا مسئلہ بن جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024