• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

راولپنڈی: نوجوان خاتون کا ’اغوا کے بعد ریپ‘

شائع July 20, 2020
لڑکی کے والد نے بتایا کہ اغوا کی گئی بیٹی کو ہفتے کے روز چھوڑ دیا گیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
لڑکی کے والد نے بتایا کہ اغوا کی گئی بیٹی کو ہفتے کے روز چھوڑ دیا گیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

راولپنڈی: ایک نوجوان خاتون کو راولپنڈی کے علاقے گلریز کالونی سے مبینہ طور پر اغوا کر کے 2 لوگوں کی جانب سے ریپ کا نشانہ بنا دیا گیا۔

متاثرہ لڑکی کے والد نے ایئرپورٹ پولیس کو بتایا کہ ان کی دو بیٹیاں مدرسے جارہی تھیں کہ ایک کار میں موجود 2 افراد نے انہیں روکا اور بڑی بیٹی کو اغوا کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لڑکی کے والد نے بتایا کہ اغوا کی گئی بیٹی کو ہفتے کے روز چھوڑ دیا گیا۔

گھر پہنچنے کے بعد نوجوان خاتون نے اہلِ خانہ کو بتایا کہ ملزمان نے اسے ایک نامعلوم مقام پر لے جا کر قید کردیا جبکہ 2 افراد نے اسے ریپ کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ٹک ٹاک پر دوست بنانے کے بعد لڑکی کا 'گینگ ریپ'

اطلاع ملنے پر پولیس متاثرہ خاتون کو ہسپتال لے گئی جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

خاتون کو ریپ کے بعد بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

دوسری جانب ایک علیحدہ واقعے میں 3 ماہ کے بعد پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا جس نے ایک خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا تھا اور اس سے پیسے حاصل کرنے کے لیے ویڈیوز سے بلیک میل کررہا تھا۔

نصیر آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں رہائش پذیر متاثرہ خاتون کے شوہر نے پولیس کے پاس ایف آئی آر درج کروائی تھی جس میں شوہر نے بتایا تھا کہ ان کے گھر کے قریب رہائش پذیر ان کی بہن کے شوہر نے 2، ڈھائی ماہ قبل ان کی غیر موجودگی میں ان کی اہلیہ کا بندوق کی زور پر ریپ کیا اور اس کی فلم بنائی۔

مزید پڑھیں: سیالکوٹ: گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی 8 سالہ بچی دم توڑ گئی

متاثرہ خاتون کے شوہر نے بتایا کہ سماجی دباؤ کے سبب خاتون نے کسی کو کچھ نہیں بتایا جبکہ ان کے مبینہ ریپسٹ نے ان سے 90 ہزار روپے کی رقم بھی بٹور لی۔

شکایت کنندہ کا مزید کہنا تھا کہ رقم حاصل کرنے کے بعد مذکورہ ملزم ان کے گھر آیا اور 24 ہزار روپے کی اشیا بشمول کھانے پینے کا سامان وغیرہ لے کر چلا گیا جس سے شکایت کنندہ اپنا گزر بسر کرتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم ان کی اہلیہ کو بلیک میل کرتا رہا اور ان سے 45 ہزار روپے مالیت کے سونے کے جھمکے بھی لے لیے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور اسے ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

بچے کا ریپ کے بعد قتل

علاوہ ازیں لودھراں کے ایک علاقے سے لاپتہ ہونے والے کمسن لڑکے کی لاش کھیتوں سے مل گئی۔

ڈان اخبار کی ایک اور رپورٹ کے مطابق ایک 5 سالہ بچہ جمعہ کی شام گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتا ہوگیا تھا اور ہفتہ کی صبح مردہ حالت میں پایا گیا۔

چک 97/ایم کے رہائشی بچے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بیٹا جمعہ کی شام لاپتا ہوگیا تھا، انہوں نے اسے بہت دیر تک تلاش کیا اور مسجد میں اعلان بھی کروایا لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا لیکن ہفتے کی صبح بچے کی برہنہ لاش قریبی کھیتوں کے پاس سے ملی۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے 3 ڈکیت گرفتار

متاثرہ بچے کے والدین کو یقین تھا کہ اسے ریپ کے بعد قتل کیا گیا ہے جس پر انہوں نے انصاف کا مطالبہ کیا، بعدازاں پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے میں ریپ کے بعد قتل کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے فرانزک ٹیم کے ساتھ مذکورہ جگہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے جبکہ ملزم کو جلد حراست میں لے لیا جائے گا، مزید یہ کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024