• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

محرم الحرام سے متعلق حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے، وزیر داخلہ

این سی او سی کا اجلاس اسد عمر کی سربراہ میں کراچی میں منعقد ہوا—تصویر: اسکرین گریب
این سی او سی کا اجلاس اسد عمر کی سربراہ میں کراچی میں منعقد ہوا—تصویر: اسکرین گریب

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں عید الاضحٰی اور محرم الحرام کے حوالے سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) اور حفاظتی تدابیر پر غور کیا گیا۔

وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے سندھ میں ہونے والے این سی او سی اجلاس کی صدارت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اجلاس میں بطور میزبان شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت، وزیر تعلیم کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان خان نیشنل کو آرڈینیٹر، این سی او سی ڈاکٹر فیصل سلطان، تانیہ ایدروس اور میجر جنرل آصف گورایا، ڈی جی آپریشنل اینڈ پلان این سی او سی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ سے متعلق حکمت عملی کیلئے این سی او سی کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

ان کے علاوہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، این سی او سی اسلام آباد اور دیگر صوبوں، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس میں این سی او سی فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے ٹی ٹی کیو اسٹریٹجی کے حوالے سے بہت شاندار کام سر انجام دیا ہے۔

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این سی او سی کے صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کے مقاصد میں اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیر اعظم کا صوبائی دارالحکومتوں میں این سی او سی اجلاس منعقد کرنے کا حکم

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگرچہ کورونا کے مصدقہ کیسز اور اموات میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، ہمیں اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ کیسز کی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈکس انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا ہے، یہ سب شاباش کے مستحق ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، مویشی منڈیوں میں کنٹرول کا نظام مؤثر بنایا جائے گا تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں ہورہا، این سی او سی

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنا رہے ہیں، محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں اور محرم الحرام کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این سی او سی کی مرکزی ٹیم کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اجلاس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں صوبوں کے لیے انتہائی مدد گار ثابت ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وبا کو کنٹرول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، ابتدا میں کچھ مشکلات درپیش تھیں لیکن وفاق اور صوبوں نے مِل کر عوام کی صحت کے لیے بھرپور کام کیا جبکہ اس وقت ہسپتالوں سمیت دیگر انتظامات بہتر ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آنے والے دنوں میں عیدالاضحیٰ، محرم اور ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں: این سی او سی نے معیشت کے مزید شعبے کھولنے کیلئے صوبوں سے رائے طلب کرلی

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ میں ٹیسٹ 12 ہزار کی گنجائش میں ہو رہے ہیں تاہم اب ٹیسٹ کی شرح کچھ کم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاٹ اسپاٹس ایریاز میں سلیکٹیو (مخصوص) لاک ڈائون کر رہے ہیں جبکہ حکومت سندھ نے کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے کراچی میں 2 علیحدہ ہسپتال بھی قائم کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں گلیوں میں قربانی کے جانور کی خرید و فروخت پر پابندی لگائی ہے اور جانور صرف مقرر کی گئی جگہ پر ہی فروخت ہو سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے کہا این سی او سی کو صوبوں میں لانے کا مقصد کام کو مزید بہتر کرنا ہے، کووڈ 19 پر کنٹرول تمام صوبوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہوگا، صوبائی حکومتوں نے بھی کووڈ 19 کو کنٹرول کرنے میں اہم کام کیا ہے، اور وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے کام کررہی ہے اور گائیڈ لائنس بنارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ نیشنل کمانڈ اور آپریشن سینٹر کے اجلاس تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی منعقد کیا جائے۔

یہ سندھ میں این سی او سی کا پہلا اجلاس تھا، اس سے قبل 13 جولائی کو پہلا اجلاس پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوا تھا اور اب دیگر صوبوں میں بھی این سی او سی کے اجلاس کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024