کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات کیلئے نامزدگی فارم جمع کرادیے
معروف امریکی ریپر، گلوکار، انٹرپرینیور، پروڈیوسر اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں شامل 43 سالہ کانیے ویسٹ نے رواں ماہ 5 جولائی کو امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات سے محض 4 ماہ قبل انتخابی دنگل میں اترنے کا اعلان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا تھا اور بعض لوگوں کا خیال تھا کہ وہ مذاق کر رہے ہیں۔
تاہم اب کانیے ویسٹ نے صدارتی انتخابات کے لیے ریاست اوکلاہاما سے نامزدگی فارم جمع کرادیے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں اوکلاہاما الیکشن بورڈ کی خاتون ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گلوکار نے 16 جولائی کو نامزدگی فارم جمع کروادیے۔
الیکشن بورڈ کی ترجمان مشا موہر نے بتایا کہ اوکلاہاما سے کانیے ویسٹ سمیت دیگر دو صدارتی امیدوار بھی آزاد حیثیت میں انتخابی دنگل میں اتریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کانیے ویسٹ کا امریکی صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان
کانیے ویسٹ نے صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی فارم جمع کرانے کی مد میں 35 ہزار امریکی ڈالر فیس بھی ادا کردی جب کہ انہوں نے انتخابات کے لیے دیگر لازمی شرائط کے حوالے سے بھی دستاویزات جمع کرادیں۔
امریکی نشریاتی ادارے یو ایس اے ٹوڈے نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ کانیے ویسٹ نے (بی ڈی وائے) نامی پارٹی کے امیدوار کے طورپر کاغذات جمع کروائے، کیوں کہ چند دن قبل ہی گلوکار نے کہا تھا کہ وہ دی برتھ ڈے نامی پارٹی کے امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کروائیں گے۔
تاہم اوکلاہاما الیکشن بورڈ نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ کانیے ویسٹ نے آزاد امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کروائے۔
اگرچہ کانیے ویسٹ نے ایک ریاست سے صدارتی انتخابات کے لیے نامزدگی فارم حاصل کرلیا، تاہم اس باوجود اب بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
علاوہ ازیں خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر کانیے ویسٹ دیگر چند ریاستوں میں بھی نامزدگی فارم جمع کروائیں گے۔
مزید پڑھیں: میرا امریکی صدر منتخب ہونا خدا کی جانب سے تقرر ہوگا، کانیے ویسٹ
کچھ دن قبل ہی کانیے ویسٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ وہ صدر منتخب ہوجاتے ہیں تو ان کی جیت کو خدا کی جانب سے تقرر کے طور پر تصور کیا جائے۔
کانیے ویسٹ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں خدا کی جانب سے اشارہ ملا کہ وہ صدارتی انتخابات لڑیں اور اگر وہ 2020 کے صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں تو ان کی جیت کو خدا کی جانب سے ان کا تقرر سمجھا جائے۔
امریکا کے صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے اور انتخابات میں آزاد امیدواروں کی متعدد ریاستوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جولائی 2020 تھی تاہم اب بھی کئی ریاستوں میں بطور آزاد امیدوار کے رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
امریکا کے 46 ویں صدر کے لیے کانٹے کا مقابلہ ریپبلک پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن کے درمیان ہوگا۔
صدارتی انتخابات کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے علاوہ متعدد آزاد اور چھوٹی پارٹیوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔