• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امیتابھ کو کورونا: شعیب اختر نے بھارتی شائقین کے دل جیت لیے

شائع July 12, 2020 اپ ڈیٹ July 20, 2020
شعیب اختر نے امیتابھ بشن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی— فائل فوٹوز: اے ایف پی
شعیب اختر نے امیتابھ بشن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی— فائل فوٹوز: اے ایف پی

عظیم بھارتی اداکار امیتابھ بچن کورونا وائرس کا شکار ہوئے تو سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر ان چند کرکٹرز میں سے تھے جنہوں نے بالی وڈ اداکار کی جلد صحتیاب کے لیے دعا کی۔

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن میں کووڈ 19 کی تشخیص، ہسپتال منتقل

انہوں نے کہا تھا کہ 'مجھ میں کووڈ کی تشخیص ہوئی ہے اور ہسپتال منتقل ہوگیا ہوں، خاندان اور عملے کے افراد کے بھی ٹیسٹ ہورہے ہیں اور نتائج کا انتظار ہے، گزشتہ 10 دن کے دوران میرے قریب رہنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ٹیسٹ کروالیں'۔

امیتابھ بچن کورونا کا شکار ہوئے تو چاہنے والوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ان میں سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر بھی شامل تھے۔

شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ امیت جی جلد صحتیاب ہوں، آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

اس موقع پر ایک ٹوئٹر صارف نے شعیب اختر کو ہتک آمیز لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار دہشت گرد رہتے ہیں، ہمیں کوئی بھی جلد صحتیابی والی دعا کے پیغامات نہیں چاہئیں۔

اس پر شعیب اختر نے طیش میں آئے بغیر بھارتی ٹوئٹر صارف کو جواب دیا کہ سننے والی اوپر والے کی ذات ہے، کیا پتا کس کی سن لے، آپ کے لیبل کرنے سے کوئی لیبل نہیں ہو جاتا۔

شعیب اختر نے اس پیغام سے بھارتی عوام و کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے اور انہوں نے راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ باؤلر کے اس عمل کا خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سسر اور شوہر کے بعد ایشوریا رائے بھی کورونا کا شکار

یاد رہے کہ شعیب اختر پاکستانی کرکٹرز میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ متحرک رہتے ہیں اور یہی وجہ ہیں کہ وہ کئی مرتبہ تنازعات کا شکار بھی ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کے ساتھ ان کے بیٹے، بہو اور پوتی کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی امیتابھ بچن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024