• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکام کو ڈوب جانے والی اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کبھی نہ ملنے کا خوف

شائع July 10, 2020
حکام نے پہلے ہی ان کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حکام نے پہلے ہی ان کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف ہولی وڈ اداکارہ 33 سالہ نایا ریویرا 8 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں سیر کرنے کے دوران نہاتے ہوئے لاپتا ہوگئیں تھیں۔

نایا ریویرا 8 جولائی کو دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔

اداکارہ کی کشتی کے قریب سے ایک اور کشتی گزری تھی، جس پر سوار افراد نے اداکارہ کی کشتی پر بچے کو لاوارث حالت میں دیکھتے ہوئے ریسکیو حکام کو مطلع کیا تھا۔

ریسکیو حکام نے بعد ازاں تصدیق کی کہ اداکارہ جھیل میں نہانے کے لیے اتری تھیں مگر وہ باہر نہیں آسکیں تھیں، جس وجہ سے ان کی تلاش کا کام 8 جولائی کی سہ پہر کو ہی شروع کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ ادکارہ نایا ریویرا جھیل میں لاپتا، ہلاکت کا خدشہ

اداکارہ کی تلاش کا کام گزشتہ 2 دن سے جاری ہے اور گزشتہ روز ہی حکام نے ان کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

تاہم اب حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر اداکار کی لاش بھی کبھی نہیں مل پائے گی اور اگر ان کی لاش ملی تو بھی وہ دوسری جھیل سے ملے گی۔

اداکارہ 4 سال بیٹے کے ساتھ جھیل کی سیر کے لیے گئی تھیں، بیٹے کو بچالیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ 4 سال بیٹے کے ساتھ جھیل کی سیر کے لیے گئی تھیں، بیٹے کو بچالیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

امریکی نشریاتی ادارے یو ایس میگزین کے مطابق اداکارہ کی تلاش کرنے والی ریسکیو ٹیم کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اداکارہ کی لاش نہیں ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق حکام کو لگتا ہے کہ اداکارہ کی لاش اندر پانی میں کسی چیز میں پھنس گئی ہوگی، جس وجہ سے اس کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ مذکورہ جھیل میں نہانے پر مکمل پابندی نہیں ہے تاہم جھیل کا پانی بہت زیادہ ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے نہانے والے بعض افراد بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔

نایا ریویرا نے ریان ڈورسی سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نایا ریویرا نے ریان ڈورسی سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

حکام نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اگر نایا ریویرا کی لاش ملی بھی تو وہ اسی جھیل سے نہیں ملے گی، جہاں اداکارہ نہانے کے لیے اتری تھیں۔

تاہم اس حوالے سے تصدیق کے طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، حکام کے مطابق اب تک انہیں اداکارہ کی لاش کی تلاش کے معاملے میں کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوئی اور وہ اس معاملے پر بہت پریشان ہیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز سمیت سمندری جہازوں اور جدید مشینری کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے اور ریسکیو ٹیم گزشتہ 2 دن سے 12 سے 15 گھنٹے تک کام کرتی دکھائی دیتی ہے۔

اداکارہ کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے—اسکرین شاٹ یوٹیوب
اداکارہ کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے—اسکرین شاٹ یوٹیوب

نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

انہیں سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈراما گلی سے ملی تھی اور مذکورہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہی انہیں متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔

اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور انہوں نے 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی لیکن بعد ازاں اختلافات کے باعث دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان 2018 میں طلاق ہوگئی تھی۔

نایا ریویرا کو ریان ڈورسی سے 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوگئے تھے۔

اداکارہ کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے جا رہے ہیں—اسکرین شاٹ یوٹیوب
اداکارہ کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے جا رہے ہیں—اسکرین شاٹ یوٹیوب

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024