• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایک مطالبہ ہے، شفاف انتخابات ہوں اور ریاستی ادارے مداخلت نہ کریں، فضل الرحمٰن

شائع July 9, 2020
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان میں کووڈ 18 کا مقابلہ کررہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان میں کووڈ 18 کا مقابلہ کررہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک مرتبہ شفاف انتخابات قوم کو دیے جائیں، ریاستی ادارے اس میں مداخلت نہ کریں، بیلٹ باکس تبدیل نہ کریں اور عوام کے ووٹ کو شفاف طریقے سے گنا جائے، اس طرح جو فیصلہ قوم کرے گی ہمیں قبول ہے۔

کراچی میں جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان صوبوں کے درمیان ایک میثاقِ ملی ہے، آج بھی ہم یہ مطالبہ کریں گے کہ ووٹ قوم کی امانت ہے اور یہ قوم کو واپس کی جائے، الیکشن شفاف کیے جائیں، یہ دور اب ختم ہوجانا چاہیے کہ الیکشن ہوتے ہیں اور اس پر اعتراضات شروع ہوجاتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن نے کراچی سے آزادی مارچ کا آغاز کردیا

انہوں نے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان کچھ کہتے ہیں اور فوج کچھ کہتی ہے، یعنی ریاست اور ریاستی ادارے ایک پیج پر نہیں ہیں اور پھر یہ ہی معاملہ وفاق اور صوبوں کے مابین ہے'۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس وقت ریاست کی بقا کی جنگ لڑرہی ہیں۔ انہوں نے اٹھارہویں ترمیم سے متعلق معاملات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف دنیا کووڈ 19 کا مقابلہ کررہی ہے اور دوسری طرف اپوزیشن پاکستان میں کووڈ 18 کا مقابلہ کررہی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آتی، معاشی طور پر ختم ہوتے جارہے ہیں، ملک کی برآمدات ختم ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا پچھلے انتخابات کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کیا اور 5 سال پورے کرنے کی بات کرنا قوم کو بددعا دینے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمٰن پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیے، عمران خان

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'ایک انڈے کو نکالنے سے کچھ نہیں ہوگا پورا ٹوکرا خراب ہے، مائنس آل کی بات کریں'۔

فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جس طرح فاٹا کا انضمام کیا گیا، اسی طرح مقبوضہ کشمیر کا انضمام ہوا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ہماری پالیسی عجیب ہے، کشمیر کے محاذ پر فعال ہیں اور کرتارپور راہداری کے محاذ پر دوستی اور محبت ہے، دو محاذوں پر ایک ہی یونین کے ساتھ دو مختلف رویے کیوں ہیں۔

پاکستان میں زیر حراست بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'کلبھوشن کا معاملہ عدالت میں ہے، اگرچہ وہ ہمارا دشمن ہے لیکن پاکستان کے آئین کے مطابق عدل و انصاف کے تحت سارے امور ہونے چاہئیں'۔

مدارس کو کھولنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ 'ہم کسی تضاد کی طرف نہیں جارہے، حکومت عید الاضحیٰ کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے کی بات کررہی ہے اور ہم بھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مدارس کے بچوں کے امتحانات ان کے متعلقہ ضلع کے مدارس میں لیے جائیں گے اور اس ضمن میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024