• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہولی وڈ ادکارہ نایا ریویرا جھیل میں لاپتا، ہلاکت کا خدشہ

شائع July 9, 2020
نایا ریویرا نے چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا—فوٹو: اے پی
نایا ریویرا نے چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا—فوٹو: اے پی

معروف ہولی وڈ اداکارہ 33 سالہ نایا ریویرا 8 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں سیر کرنے کے دوران لاپتا ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نایا ریویرا 8 جولائی کو دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

خبر رساں ادارے نے مقامی نشریاتی اداروں اور ریسکیو حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ نے جھیل کی سیر کرنے کے لیے کرائے پر بوٹ حاصل کی تھی اور وہ بیٹے سمیت جھیل کی سیر کو نکلی تھیں۔

حکام نے بتایا کہ اداکارہ کی بوٹ کے پاس سے ایک اور بوٹ گزری، جس نے بوٹ پر تنہا بچے کی موجودگی کی اطلاع دی اور جس پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

اداکارہ کے بچے نے ریسکیو حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ جھیل میں نہانے کے لیے اتری تھیں، تاہم جھیل میں اترنے کے بعد وہ واپس نہیں آئیں۔

حکام نے تصدیق کی کہ کرائے پر حاصل کی گئی بوٹ پر اداکارہ کو دیا گیا لائف سیونگ جیکٹ بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جیکٹ کے بغیر پانی میں اتریں یا حادثاتی طور پر گر گئیں۔

اداکارہ نے 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا—فوٹو: اے پی
اداکارہ نے 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا—فوٹو: اے پی

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اسی حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ کو لاپتا ہوئے 24 گھنٹے کا وقت گزر چکا ہے اور انہیں 9 جولائی کی دوپہر تک نہیں تلاش کیا گیا۔

حکام نے تصدیق کی کہ گمشدہ ہونے والی خاتون اداکارہ نایا ریویرا ہی ہیں۔

حکام نے اطلاع ملتے ہی 8 جولائی کی دوپہر کو ریسکیو آپریشن شروع کیا تھا، تاہم رات کو یہ آپریشن روک دیا گیا تھا اور پھر 9 جولائی کی صبح کو ریسکیو آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔

نشریاتی ادارے اسکائی نیوز نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کو 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اداکارہ کو گہرے پانی میں بھی تلاش نہیں کیا جا سکا، جس کی وجہ سے اندازا ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اداکارہ نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے تھے—فوٹو: رائٹرز
اداکارہ نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے تھے—فوٹو: رائٹرز

خیال رہے کہ نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

انہیں سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈراما گلی سے ملی تھی اور مذکورہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہی انہیں متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔

اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور انہوں نے 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی لیکن بعد ازاں اختلافات کے باعث دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان 2018 میں طلاق ہوگئی۔

اداکارہ اپنے 4 سال کے بیٹے کے ہمراہ جھیل کی سیر کے لیے گئی تھیں—فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ اپنے 4 سال کے بیٹے کے ہمراہ جھیل کی سیر کے لیے گئی تھیں—فوٹو: اے ایف پی

نایا ریویرا کو ریان ڈورسی سے 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوگئے تھے۔

اداکارہ کو ان کے مذہبی اور جنسی خیالات کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، وہ ہم جنسی پرستی کے حق میں بھی بیانات دیتی رہی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024