دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی
دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور آج (28 جون) عالمی سطح پر اس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
گزشتہ 6 ماہ میں کورونا وائرس سے 5 لاکھ سے زائد افراد ہلاک جبکہ 49 لاکھ سے زائد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
امریکا میں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ سے زائد اور ہلاکتیں سوا لاکھ جبکہ برازیل میں کیسز کی تعداد 13 لاکھ 13 ہزار 667 ہے اور وہاں وبا سے 57 ہزار 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارت میں ریکارڈ 20 ہزار کے قریب کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک 16ہزار 95 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
رائٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق شمالی امریکا، لاطینی امریکا اور یورپ تینوں میں فی کس 25 فیصد کیسز جبکہ ایشیا میں 11 فیصد اور مشرق وسطیٰ میں دنیا کے مجموعی کیسز کے 9 فیصد کیسز موجود ہیں۔