• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ویتنام نے مبینہ جعلی ڈگری پر 20 پاکستانی پائلٹس کو معطل کردیا

شائع June 27, 2020 اپ ڈیٹ June 28, 2020
—فوٹو:ویتنام ایئرلائنز
—فوٹو:ویتنام ایئرلائنز

ویتنام کی سول ایوی ایشن کے حکام نے مبینہ جعلی لائنسس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد متعلقہ وزارت کی ہدایت پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے کم از کم 20 پائلٹس کو معطل کردیا۔

ویتریڈر ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ویتنام کی سول ایوی ایشن (سی اے اے وی) کے ڈائریکٹر ڈنھویٹ تھنگ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت ٹرانسپورٹ کی ہدایت پر دو روز قبل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:پائلٹس کے 'مشکوک' لائسنس کا معاملہ: پی آئی اے کی خدشات پر دلاسہ دینے کی کوشش

ڈنھویٹ تھنگ نے کہا کہ تقریباً 20 پائلٹس کو معطل کردیا گیا ہے اور یہ تمام پاکستان کے شہری تھے اور پاکستان سے ہی لائسنس حاصل کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پائلٹس گزشتہ کئی برس سے ویتنام میں کام کر رہے تھے۔

سی اے اے وی کے ایگزیکٹو کے مطابق ہمیں پاکستانی سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے جائزہ رپورٹ کا انتظار ہے جس میں طے ہوگا کہ آیا ان پائلٹس نے جعلی لائسنس حاصل کیا تھا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن پائلٹس کے پاس مصدقہ لائسنس ہوگا انہیں دوبارہ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان حکام کی جانب سے گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ 860 پاکستانی پائلٹس میں سے 260 کے پاس مشکوک لائسنس ہیں، تاہم ان کی چھان بین کی جارہی ہے۔

کویت میں بھی 7 پاکستانی پائلٹس معطل

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے حکام نے بھی 7 پاکستانی پائلٹس اور 56 انجینئرز کو معطل کردیا ہے۔

مقامی ویب سائٹ 24 ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ پائلٹس اور انجینئرز اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک ان کے لائسنسز کی تصدیق پاکستانی حکام کی جانب سے نہیں کی جاتی۔

یہ بھی پڑھیں:28 پائلٹس کے لائسنس جعلی ثابت، کیس کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ

واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے غیر ملکی مشنز اور عالمی ریگولیٹری اور سیفٹی باڈیز کو خط لکھ کر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس نے ان تمام 141 پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے جن کے لائسنس مشکوک تھے۔

عالمی سیفٹی اور ٹرانسپورٹ باڈیز نے پائلٹس کے مبینہ 'مشکوک' لائسنس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو پی آئی اے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 'اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا پی آئی اے کی پرواز اڑانے والے پائلٹس کے لائسنس اصلی اور حکومت پاکستان سے توثیق شدہ ہوں'۔

قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک کی جانب سے لکھے گئے خط میں یہ وعدہ بھی کیا گیا کہ ایئرلائن تمام بین الاقوامی ایوی ایشن سیفٹی اور ریگولیٹری اسٹینڈرڈز کی تعمیل کرتی رہے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ یہ خط پاکستان تمام غیر ملکی مشنز کے سربراہان کے علاوہ بین الاقوامی ایوی ایشن ریگولیٹرز اینڈ سیفٹی مانیٹرنگ ایجنسیوں کو بھی بھیجا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرہوابازی غلام سرورخان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 'جن پائلٹس پر سوالات اٹھائے گئے ہیں وہ 262 ہیں، پی آئی اے میں 141، ایئربلیو کے 9، 10 سرین، سابق شاہین کے 17 اور دیگر 85 ہیں'۔

مزید پڑھیں: پائلٹس کے 'مشکوک لائسنسز' سے پی آئی اے، سی اے اے کی ساکھ متاثر

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ سارے مشتبہ ہیں، 121 پائلٹس ایسے ہیں جن کے فرانزک کرنے کے بعد پتا چلا کہ ان کا ایک پرچہ بوگس تھا اور ان کی جگہ کسی اور نے بیٹھ کر پرچہ دیا، دو بوگس پرچے والے پائلٹس 39، تین بوگس پرچے والے 21، 4 بوگس پرچے والے 15، 5 بوگس والے 11، 6 بوگس پرچے والے 11، 7 بوگس پرچے والے 10 اور 8 بوگس پرچے والے 34 پائلٹس ہیں جبکہ مجموعی پرچے 8 ہوتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'سی پی ایل کی تعداد 109، اے ٹی پی ایل 153 ہیں، یہ سارے مشکوک لائسنس کے حامل ہیں، ان کی فہرست تمام متعقلہ اداروں کو بھیج دی گئی ہے'۔

غلام سروری خان نے ایوی ایشن کے 5 عہدیداروں کو برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'پی آئی اے کو 141 پائلٹس کی فہرست دی گئی، ایئربلیو کو 9 پائلٹس کی فہرست دی اور کہا کہ یہ مشکوک ہیں لیکن انہوں نے اس تاثر کو رد کیا، اسی طرح سرین کو بھی کہا گیا کہ ان پائلٹس کو پروازوں کی اجازت نہیں دی جائے'۔

پائلٹس کے خلاف یہ قدم گزشتہ ماہ کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ جہاز کے پائلٹس نے معیاری طریقہ کار پر عمل نہیں کیا تھا۔

کراچی میں اس حادثے میں جہاز میں سوار 97 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 2 افراد معجزاتی طور پر بچ گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024