اسکاٹ لینڈ: چاقو کے حملے میں 6 افراد زخمی، حملہ آور ہلاک
اسکاٹ لینڈ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے وسط میں واقع ہوٹل میں ایک چاقو بردار شخص نے 6 افراد کو زخمی کردیا جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی ہونے والوں میں ایک 42 سالہ پولیس افسر بھی شامل ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مزید پڑھیں: لندن برج پر چاقو سے حملہ، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ساتھ ہی یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ صرف مشتبہ شخص ہی ہلاک ہوا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے کہا کہ واقعے کو دہشت گردی کے تناظر میں نہیں دیکھا جارہا۔
ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے چاقو بردار شخص کے حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عمریں 17، 18، 20، 38 اور 53 سال ہیں۔
پولیس کے ترجمان نے کہا کہ صورتحال 'کنٹرول' میں ہے اور عام لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: لندن: ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار
انہوں نے مزید کہا کہ وہ واقعے کے بعد کسی اور کی تلاش نہیں کر رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی اطلاع 12 بج کر 50 منٹ پر دی گئی اور واقعے کے دو منٹ کے اندر ہی اہلکار جائے وقوع پر موجود تھے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ ہوٹل کی تیسری منزل سے استقبالیہ کی طرف آیا تو دیکھا کہ ہر جگہ خون تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ایک شخص کو دیکھا جس کو چھرا مارا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 'میں داخلی دروازے کی طرف گیا اور زخمی شخص کو کہا کہ وہ چپ رہے اور میں مدد کے لیے کال کرتا ہوں'۔
عینی شاہد نے بتایا کہ 'پھر میں نے ایک اور شخص کو دیکھا جو اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا تھا'۔
وزیر نیکولا اسٹرجن نے کہا کہ واقعے کی اطلاعات 'واقعی خوفناک' تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: لندن: ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 افراد ہلاک
دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ انہیں گلاسگو میں پیش آنے والے خوفناک واقعے پر شدید غم ہے۔
اسکاٹ لینڈ پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل اسٹیو جانسن نے لوگوںکو علاقے میں نہ جانے کی تاکید کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 29 نومبر کو لندن برج پر چاقو بردار شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے حملہ آور کو بھی فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔
پولیس نے اسے دہشت گردی کا حملہ قرار دیا جبکہ حملہ آور نے جعلی خودکش جیکٹ بھی پہن رکھی تھی۔
جون 2017 میں بھی لندن برج پر 3 مسلح افراد نے عوام پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے بعد انہوں نے اس کے قریبی علاقوں میں لوگوں پر حملے بھی کیے تھے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔