• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار سے متجاوز

شائع June 24, 2020
ملک میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

​عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور آج بھی ملک میں مزید کیسز اور اموات کے بعد مجموعی متاثرین ایک لاکھ 79 ہزار 592 ہوگئے جبکہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 557 تک جا پہنچی۔

آج (21 جون) کی صبح تک ملک میں وائرس کے مزید 4 ہزار 916 نئے کیسز اور 121 اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں 6 ہزار 554 کا اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ ملک میں رواں ہفتے سے اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یومیہ 100 سے زائد اموات رپورٹ کی جارہی ہیں۔

اگرچہ ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو اپنایا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس وقت ملک میں سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی مین ہیں جہاں کیسز کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ شہر میں اموات بھی 875 سے زیادہ ہیں۔

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال اور اب تک کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مرتب کردہ ڈیٹا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری جبکہ موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی۔

پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات سامنے آئیں جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 ہوگئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہو گئے۔

مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور ملک میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 1500 سے زائد ہوگئیں۔

تاہم جون میں صورتحال بالکل ہی مختلف نظر آرہی ہے اور 20 روز میں تقریباً ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز اور دگنی اموات ریکارڈ کی گئیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 41 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق جبکہ 2 ہزار 275 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران 13ہزار 890 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 2ہزار 275نئے کیسز سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں کورونا وائرس کے 3لاکھ 78ہزار 849 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں 69ہزار 628 کیسز ظاہر ہوئے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 41مریض انتقال کر گئے اور اب تک صوبے میں مجموعی طور پر ایک ہزار 89افراد وائرس کا شکار ہو کر دم توڑ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں 3لاکھ 22ہزار 261 مریض زیر علاج ہیں جس میں 30ہزار 705 گھروں میں اور ایک بڑی تعداد 48 آئسولیشن سینٹرز میں زیر علاج ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق وائرس کے ایک ہزار 508 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، آج 718 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 117 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج مزید 2ہزار 166 افراد صحتیاب ہو گئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 36ہزار 278 ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے 2ہزار 275 کیسز میں سے سب سے زیادہ ایک ہزار 280 کیسز کراچی جبکہ گھوٹکی 74، سکھر 72، خیرپور 64، حیدرآباد میں 63 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

مراد علی شاہ نے عوام سے درخواست کی کہ منتخب علاقوں میں لاک ڈاؤن کا احترام کریں، ایس او پیز پر عمل کریں اور غیرضروری گھروں سے باہر نہ جائیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 523 نئے کیسز اور ایک روز میں مزید 60 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار و دیگر معلومات کی فراہمی کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 65 ہزار 739 ہوچکی ہے۔

اسی طرح صوبے میں مزید 60 افراد کے جاں بحق ہونے سے اب تک وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار جانے والوں کی تعداد ایک ہزار 347 سے بڑھ کر ایک ہزار 407 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 383 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 10 ہزار 279 سے بڑھ کر 10 ہزار 662 ہوگئی۔

علاوہ ازیں مزید 3 مریضوں کے انتقال سے اموات کی مجموعی تعداد 98 تک جا پہنچی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 553 نئے کیسز 13 اموات کا اضافہ ہوا۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان کیسز کے بعد تعداد 21 ہزار 997 ہوگئی۔

مزید یہ کہ اس دوران 13 اموات کا اضافہ بھی ہوا اور یوں یہ تعداد 808 سے بڑھ کر 821 تک جاپہنچی۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 مختلف اضلاع سے 147 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 475 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 2 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 102 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے مزید 25 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں ان نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز کی تعداد 1253سے بڑھ کر ایک ہزار 278 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 10 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 803 سے بڑھ کر 813 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 2 فرد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے، یوں اب تک وہاں اموات کی تعداد 17 سے بڑھ کر 19 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باوجود صحتیاب افراد کی تعداد دیگر مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 4 ہزار 388 افراد ایسے تھے جو مکمل شفایاب ہوگئے، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 63 ہزار 504 سے بڑھ کر 67 ہزار 892 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 179592

اموات: 3557

صحتیاب: 67892

فعال کیسز: 108143

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 69 ہزار 628 ہیں تو وہیں پنجاب میں 65 ہزار 739 تک پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 21 ہزار 997 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 475 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 ہزار 662، گلگت بلتستان میں یک ہزار 278 اور آزاد کشمیر 813 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1407

سندھ: 1089

خیبرپختونخوا: 821

بلوچستان: 102

اسلام آباد: 98

گلگت بلتستان: 21

آزاد کشمیر: 19

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024