• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ملالہ یوسف زئی نے آکسفورڈ سے تعلیم مکمل کرلی

شائع June 24, 2020
ملالہ یوسف زئی نےتعلیم مکمل ہونے پر اہل خانہ کے ساتھ جشن بھی منایا—فوٹو: ٹوئٹر
ملالہ یوسف زئی نےتعلیم مکمل ہونے پر اہل خانہ کے ساتھ جشن بھی منایا—فوٹو: ٹوئٹر

دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے 22 سال کی عمر میں برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم کی ڈگری مکمل کرلی۔

ملالہ یوسف زئی نے محض 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام حاصل کیا تھا، علاوہ ازیں انہوں نے کم عمری میں متعدد نمایاں اعزاز و ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

ملالہ یوسف زئی کو اگست 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا اور انہوں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کے مضامین کا انتخاب کیا تھا۔

گزشتہ تین سال میں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تھیں اور رواں سال کورونا کی وبا کے باعث ان کی یونیورسٹی سمیت دنیا کی بڑے یونیورسٹیز نے گریجوئیشن کی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 4 امتحانات باقی ہیں، ملالہ نے گریجویشن کرنے کی تردید کردی

اسی وجہ سے رواں ماہ کے آغاز میں ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنی خصوصی مہم (کلاس 2020) شروع کی تھی، جس کے تحت معروف شخصیات کے خطاب کو آن لائن دکھایا گیا تھا۔

یہ مہم کورونا کی وجہ سے یونیورسٹیز کی جانب سے گریجوئیشن تقریبات منعقد نہ کرپانے پر شروع کی گئی تھی اور یوٹیوب نے معروف شخصیات کے خطاب کو آن لائن چلایا تھا۔

یوٹیوب کی اس مہم کے تحت ملالہ یوسف زئی نے بھی کلاس 2020 کے لیے اپنا ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا تھا اور یوٹیوب نے ملالہ کے ویڈیو پیغام کو 8 جون کو ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں گریجوئیشن مکمل کرنے پر مبارک باد بھی دی تھی۔

یوٹیوب کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کو گریجوئیشن مکمل کرنے کی مبارک باد دیے جانے کے بعد پاکستانی میڈیا میں ملالہ یوسف زئی کے گریجوئیشن مکمل کرنے کی خبریں چلیں تو نوبل انعام یافتہ سماجی رہنما نے وضاحت کی تھی کہ ابھی انہیں مزید 4 امتحانات دینے ہیں۔

مگر 8 جون کی ٹوئٹ کے محض 11 روز بعد ملالہ یوسف زئی نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی اپنی ڈگری حاصل کرلی۔

ملالہ یوسف زئی کی جانب سے 8 جون کو ڈگری مکمل کرنے کے لیے مزید 7 امتحانات دینے اور 19 جون کو ڈگری مکمل کرنے کی ٹوئٹ کرنے پر کئی لوگ پریشان بھی دکھائی دیے۔

تاہم ڈگری مکمل کرنے پر دنیا بھر سے عالمی شخصیات نے انہیں مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنے والدین کے ساتھ ڈگری مکمل ہونے پر جشن منانے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس بات کا پتا نہیں کہ وہ مستقبل میں کیا کرنے جا رہی ہیں تاہم کچھ دن تک وہ خوب آرام کریں گی اور نیٹ فلیکس پر وقت گزاریں گی۔

ملالہ نے لکھا کہ اب وہ خوب آرام کریں گی اور نیٹ فلیکس پر وقت گزاریں گی—فوٹو: ٹوئٹر
ملالہ نے لکھا کہ اب وہ خوب آرام کریں گی اور نیٹ فلیکس پر وقت گزاریں گی—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024