• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ہولی وڈ اداکار ڈینی ماسٹرسن پر تین خواتین کے ’ریپ‘ کا مقدمہ

شائع June 19, 2020
اداکار نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا—فوٹو: اے پی
اداکار نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا—فوٹو: اے پی

معروف امریکی و ہولی وڈ اداکار و موسیقار 44 سالہ ڈینیئل پیٹر ماسٹرسن المعروف ڈینی ماسٹرسن پر امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی عدالت میں کم از کم تین خواتین کے ’ریپ‘ کا مقدمہ دائر کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق لاس اینجلس پروسیکیوشن دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ڈینی ماسٹرسن کو تین سال کی تفتیش کے بعد 18 جون کو ’ریپ‘ الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈینی ماسٹرسن کو لاس اینجلس پولیس نے عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد 18 جون کو گرفتار کیا تھا تاہم چند ہی گھنٹے بعد عدالت نے انہیں 33 لاکھ ڈالر کے عوض ضمانت پر رہا کردیا۔

ڈینی ماسٹرسن کے خلاف ’ریپ‘ مقدمات کی سماعت کا باقائدہ آغاز رواں برس ستمبر میں شروع ہوگا اور اگر ان پر تینوں الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں 45 سال تک جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی اداکار پر ‘ریپ’ کے الزامات ثابت نہ ہوسکے

ڈینی ماسٹرسن پر الزام ہے کہ انہوں نے 2001 سے 2003 کے درمیان 23 سے 28 سال کی عمر کی تین خواتین کو الگ الگ مواقع پر ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

اداکار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2001 میں ایک 23 سالہ لڑکی جب کہ اپریل 2003 میں ایک 28 سالہ لڑکی اور اسی سال کے آخر میں ایک اور 23 سالہ لڑکی کو اپنی رہائش گاہ پر بلاکر انہیں ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

لاس اینجلس کے پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق اداکار کے خلاف تین سال تک تفتیش کی گئی تھی اور ان کے خلاف مزید 2 الزامات کو عدم ثبوتوں کی بنا پر خارج کردیا گیا۔

اب ان کے خلاف ستمبر میں ’ریپ‘ مقدمے کی سماعت ہوگی، تاہم انہوں نے خود پر لگے الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔

اداکار کے وکلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈینی ماسٹرسن کے کردار اور شخصیت سے تمام لوگ واقف ہیں اور وہ یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔

اداکار کی قانونی ٹیم کے مطابق اداکار پر 2 دہائی قبل کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار پر قریبی دوست کے ریپ کا الزام

خیال رہے کہ ہولی وڈ میں گزشتہ چند سال سے پرانے الزامات کے تحت اداکاروں پر خواتین کو ’ریپ‘ اور جنسی ہراساں کیے جانے کے مقدمات دائر کیے جا رہے ہیں۔

یہ سلسلہ اکتوبر 2017 میں اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب کہ ہولی وڈ پروڈیوسر 66 سالہ ہاروی وائنسٹن پر درجنوں خواتین نے ’ریپ‘ اور جنسی استحصال کے الزامات لگائے تھے۔

ان پر الزامات کے بعد ہی (می ٹو مہم) کا آغاز ہوا اور اس مہم کے تحت کئی اداکاروں اور فلم سازوں پر پرانے الزامات کے تحت مقدمات دائر کئے گئے۔

ہاروی وائنسٹن پر بھی پرانے الزامات کے تحت مقدمات دائر کرکے انہیں رواں برس مارچ میں جیل قید کی سزا سنادی گئی تھی اور اس وقت ڈینی ماسٹرسن سمیت درجنوں شخصیات کے خلاف ایسے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024