• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’ہمیں گھبرانے دو، اب ہمارا گھبرانا بنتا ہے‘

شائع June 13, 2020
یاسر حسین اور اقرا عزیز کی ویڈیو کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
یاسر حسین اور اقرا عزیز کی ویڈیو کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

وزیر اعظم عمران خان کے یوں تو کئی سیاسی نعرے اور وعدے عوام کو بہت پسند ہیں اور ان کے ایسے نعروں اور باتوں پر سوشل میڈیا پر چرچے بھی ہوتے رہتے ہیں۔

تاہم گزشتہ چند ماہ سے وزیر اعظم عمران خان کا بیان ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ خوب وائرل ہو رہا ہے۔

اگرچہ وزیر اعظم عمران خان نے ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا جملہ اپنے متعدد خطبات میں استعمال کیا، تاہم ان کا یہ جملہ اس وقت عوام میں مقبول ہوا جب کورونا کی وبا کے حوالے سے انہوں نے قوم سے خطاب کیا تھا۔

عمران خان نے ’گھبرانا نہیں ہے‘ کا جملہ بطور وزیر اعظم اپنے پہلے قوم سے خطاب میں بھی استعمال کیا تھا اور اس کے بعد وہ مختلف مواقع پر ملک کے مشکل حالات کی بات کرتے وقت مذکورہ جملہ بولتے دکھائی دیے۔

یہ ویڈیو بھی دیکھیں: 'وزیراعظم کا جملہ "گھبرانا نہیں" اب مذاق بن گیا'

تاہم ان کے اس جملے نے اس وقت سب سے زیادہ شہرت حاصل کی جب مارچ میں انہوں نے کورونا کی وبا سے متعلق قوم سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو کہا تھا کہ جب ان میں کورونا کی علامات ہوں تو وہ اس کا ضرور ٹیسٹ کروانے جائیں۔

ساتھ ہی انہوں نے عوام کو ہدایت کی تھی کی ’انہیں سب سے پہلے گھبرانا نہیں ہے‘۔

وزیر اعظم کے اسی جملے پر سوشل میڈیا اسٹارز اور خصوصی طور ٹک ٹاک اسٹارز نے متعدد ویڈیوز بھی بنائی، تاہم حال ہی میں معروف اداکار یاسر حسین اور ان کی اہلیہ اقرا عزیز نے بھی اسی جملے پر ویڈیو بنائی۔

یاسر حسین نے وفاقی حکومت کی جانب سے 12 جون کو 2020 -2021 کا بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر اہلیہ اقرا عزیز کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

دونوں اداکاروں نے وزیر اعظم عمران خان کے اسی جملے ’آپ نے سب سے پہلے گھبرانا نہیں ہے‘ پر مزاحیہ ویڈیو بنائی۔

مزید پڑھیں: 'کورونا وائرس سے گھبرانا نہیں ہے، بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے'

مزاحیہ ویڈیو میں اقرا عزیز وزیر اعظم کے جملے ’آپ نے سب سے پہلے گھبرانا نہیں ہے‘ پر اداکاری کرتی دکھائی دیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یاسر حسین اہلیہ اقرا عزیز کی جانب سے وزیر اعظم کا معروف جملہ کہنے کے بعد پنجابی انداز میں بڑے بے بس ہوکر انہیں کہتے ہیں کہ اب انہیں گھبرانے کی اجازت دی جائے۔

ویڈیو میں یاسر حسین کو پنجابی انداز میں ’نہیں اب نہیں، اب ہمیں گھبرانے کی اجازت دی جائے، اب ہمارا گھبرانا بنتا ہے‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں دونوں کو وزیر اعظم کے جملے پر اداکاری کرنے کے بعد ہنستی ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں اداکاروں کی مذکورہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور ایک ہی دن میں اسے 3 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھ لیا۔

ویڈیو کو پسند کرتے ہوئے درجنوں مداحوں نے ویڈیو پر تفریحی کمنٹس بھی کیے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024