• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد، اموات 2032 ہوگئیں

شائع June 7, 2020 اپ ڈیٹ June 11, 2020
اسلام آباد میں ریکارڈ 656  کیسز کی تصدیق  ہوئی— فوٹو: رائٹرز
اسلام آباد میں ریکارڈ 656 کیسز کی تصدیق ہوئی— فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں عالمی سطح پر انسانی آبادی کو متاثر کرنے والے نوول کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس کے باعث ملک میں یومیہ ہزاروں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے ایک لاکھ ایک ہزار 468 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 32 تک جاپہنچی ہے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (7 جون کو) پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے 5 ہزار 73 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 58 اموات بھی ہوئیں۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 15ویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی اس عالمی وبا کو آئے 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جس کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید اضٖافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

ملک میں عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اسی ماہ کے اواخر اور مارچ کے دوران پاکستان میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 ہزار تھی اور اس دوران 26 اموات بھی ہوئی تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں متاثرہ افراد ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات بڑھ کر 385 ہوگئی تھیں تاہم مئی میں کیسز میں اچانک تیزی آئی تھی جس کے باعث سیکڑوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز ہزاروں تک پہنچ گئے جبکہ یومیہ اموات درجنوں ہوگئی۔

اس اضافے کی وجوہات میں حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی، کاروباری مراکز کھولنے کے فیصلے کے بعد عوام کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی اور ملکی سطح پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہے۔

علاوہ ازیں رواں ماہ جون کے آغاز ہی سے ملک میں وبا کی صورتحال خطرناک ہورہی ہے اور صرف گزشتہ روز ملک میں ریکارڈ 5 ہزار 80 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق ہوئی تھی۔

سندھ

صوبہ سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 744 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 364 سے بڑھ کر 38 ہزار 108 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 16 افراد کے انتقال کے بعد سندھ میں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 650 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں 414 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 67 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

پنجاب

آج صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 782 کیسز اور مزید 24 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایک ہزار 782 مریضوں کی تصدیق کے بعد پنجاب میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 35 ہزار 308 سے بڑھ کر 37 ہزار 90 ہوگئی۔

اس کے ساتھ ہی 24 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 659 سے بڑھ کر 683 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 486 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 13 ہزار 487 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوے میں 14 اموات کی تصدیق بھی ہوئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 575 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تازہ اموات میں 7پشاور، باجوڑ میں 2 نوشہرہ، مردان، لوئردیر، مالاکنڈ اور کوہاٹ میں ایک،ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 9 ہزار 370 کیسز فعال ہیں جبکہ 3 ہزار 542 صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے 92 صحت یاب افراد بھی شامل ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 295 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کی روزانہ کی رپورٹ کے مطابق '295 نئے کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد بدستور 35 ہے'۔

بلوچستان میں نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 516 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج کورونا وائرس کے ریکارڈ 656 کیسز سامنے آئے جبکہ 4 اموات بھی واقع ہوئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 656 افراد کے عالمی وبا سے متاثر ہونے کے بعد مجموعی تعداد 4323 سے بڑھ کر 4979 ہوگئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد کے انتقال کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی تعداد 45 سے بڑھ کر 49 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج مزید 30 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں اب تک اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 897 سے بڑھ کر 927 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یوں تو آزاد کشمیر اس وقت ملک میں وبا سے سب سے کم متاثر ہوا ہے تاہم وہاں بھی اب یومیہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی۔

مذکورہ 30 کیسز کے اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 331 سے بڑھ کر 361 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ایک طرف ملک میں عالمی وبا کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 884 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد مزید 884 افراد کے اضافے سے پاکستان میں اب تک عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد32 ہزار 581 سے بڑھ کر 33 ہزار 465 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 101468

اموات: 2032

صحتیاب: 33465

فعال کیسز: 65971

اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 38 ہزار 108 ہے جبکہ اس کے بعد پنجاب میں یہ تعداد 37 ہزار 90 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 13ہزار 487 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 516 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 4 ہزار 979 ، گلگت بلتستان میں 927 اور آزاد کشمیر میں361 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 683

سندھ: 650

خیبرپختونخوا: 575

بلوچستان: 54

اسلام آباد: 49

گلگت بلتستان: 13

آزاد کشمیر: 08

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 97 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024