• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

وزیر ریلوے کا تمام کرنٹ بکنگ دفاتر کھولنے کا اعلان

شائع June 6, 2020
شیخ رشید نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ ملتوی کردیا۔ فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ ملتوی کردیا۔ فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملک بھر میں ٹکٹوں کی فروخت کے لیے تمام کرنٹ بکنگ دفاتر کھولنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد کو آن لائن بکنگ کرنا نہیں آتی اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں وہاں بھی لوگ کرنٹ بکنگ دفاتر سے بکنگ کرواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ مجھے لاتعداد لوگ کال کرتے ہیں جنہیں آن لائن بکنگ کا طریقہ کار معلوم نہیں۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ ڈی اے ایز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ کہیں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تشکیل دیے گئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: خدشہ ہے کہیں محکمہ ریلوے دیوالیہ نہ ہوجائے، شیخ رشید

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر تمام ٹرینوں کے اوقات کار پر نظرِ ثانی کی جائے گی تا کہ جو صبح سفر کرنا چاہے اسے بھی اور رات کو سفر پر جانا چاہے اسے بھی ٹرین ملے۔

’کیسز میں اضافے کے باعث مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ ملتوی کردیا‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج رحمٰن بابا ایکسپریس اور ہزار ایکسپریس سمیت 10 ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان کرنا تھا لیکن کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا ہے کیوں کہ ہم نہیں چاہتے کہ 60 فیصد سے زیادہ مسافر سوار ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ریلوے کو روزانہ تقریباً ایک کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا ہے جو پیٹرول سستا ہونے کی وجہ سے 75 لاکھ روپے ہوگیا ہے لیکن اگر پیٹرول مہنگا ہوگیا تو پھر یہ دوبارہ ایک کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔

سیاسی گفتگو کرتے ہوئے شیخ ریشد نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے شہباز شریف کے گھر پر چھاپے کے موقع پر وہ گھر میں ہی موجود تھے اور پچھلے کمرے میں چھپے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: 20 مئی سے 31 مئی تک 30 ٹرینیں چلیں گی، شیخ رشید

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست پر اس لیے زیادہ بات نہیں ہوسکتی کیوں کہ مجھے اپوزیشن کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا، ایک مرتبہ پھر انہوں نے دہرایا کہ جو بھی شخص چینی بحران میں ملوث پایا گیا وزیراعظم اسے آئین و قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی کابینہ کے آئندہ روز یا اس کے بعد ہونے والے اجلاس میں ملک میں آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ کے فرانزک آڈٹ کا بھی فیصلہ ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی بحران وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

’پیٹرول مہنگا ہونے والا ہے، اس لیے مافیا نے اسٹاک کرلیا‘

دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیٹرول کی قلت بھی زیر غور آئی اور اوگرا کو ہدایت کی گئی اس قلت کو قابو کیا جائے، اصل میں پیٹرول سستا ہوگیا ہے اور اب کچھ دن میں مہنگا ہونے جارہا ہے اس لیے مافیا پیٹرول کو اسٹاک کرکے قیمتوں میں اضافے کا انتظار کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکومت، اپوزیشن کے مذاکرات جاری ہیں، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا میڈیا اتنا کھیلا جارہا ہے کہ ایک آدمی کی تصویر کو بھی سیاست بنایا جارہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اپوزیشن بے جان اور کیسز میں ملوث ہے، اپوزیشن کی کسی جماعت میں اتنی جرات نہیں کہ وہ عمران خان کی حکومت کے مقابلے میں آئے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

’شہباز شریف مفاہمت کے خواہاں ہیں، عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں‘

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے ایک نئی تھیوری پیش کی ہے کہ ملک کو بھارت کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے اس لیے سب یکجا ہو کر افہام و تفہیم سے معاملات لے کر چلیں لیکن عمران خان کو اس مفاہمت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں کچھ نہ کچھ چھیڑ چھاڑ ضرور کی گئی ہے لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ وہ ملک سے باہر گئے تو چلے جانے دو۔

اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے وہی کرے گی جو فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہورہی ہے حالانکہ ان کی کمپنی پر ’ریجیکٹڈ‘ کا ٹھپہ لگ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ریلوے بذاتِ خود بہت بڑی مافیا ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے لیڈر ہیں جن کے پیچھے پولیس لگی ہوئی ہے، ہم تو خود گرفتاری دے دیا کرتے تھے، حقیقی سیاستدانوں کے جیل سسرال ہوتی ہے لیکن یہ چور سیاستدان ہیں ان کے اوپر کیسز کا انبار لگا ہوا ہے۔

لندن سے نواز شریف کی تصاویر کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ باہر جا کر زندگی گزارنا بہت مشکل کام ہے وہ بھلے واک کرتے نظر آئیں لیکن اندر سے پوچھو ان کا کیا حال ہے لاہور لاہور ہے، لندن میں کچھ نہیں رکھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024