• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پاکستان میں کورونا کیسز چین سے زیادہ، مجموعی متاثرین 86 ہزار سے تجاوز کرگئے

پاکستان میں کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد خطرناک صورتحال کی طرف جارہی ہے اور 2 دن سے یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز آنے کے بعد ملک کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے متاثرین سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اب تک ملک میں سامنے آنے والے ان کیسز کی مجموعی تعداد 86 ہزار 765 ہوچکی ہے جبکہ 1813 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔

آج ابھی تک سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 3518 ہے جبکہ 82 اموات بھی ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے اس وائرس کا آغاز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا تک پھیل گیا اور چین میں اس کے کیسز کی مجموعی تعداد 84 ہزار 160 ہے۔

پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس فروری کے آخر یعنی 26 تاریخ کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہی ہے۔

شروع میں اس وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز کی تعداد میں کمی تھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا اور اب صورتحال تشویشناک دکھائی دے رہی ہے۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد عرصے میں ملک میں کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 26 اموات ہوئی تھیں۔

یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق 18 مارچ کو ہوئی تھی۔

بعد ازاں اپریل کے مہینے میں اس وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ کے عرصے میں تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران کیسز کی تعداد میں 55 ہزار کا اضافہ ہوا اور یہ 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 1100 سے زائد اموات نے اس تعداد 1520 تک پہنچا دیا۔

جون کا آغاز بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال سے ہوا تاہم گزشتہ 3 دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ 200 سے زیادہ لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔

آج (4 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی جو لوگوں کے لیے ایک امید کا باعث ہے۔

سندھ

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے اعداد و شمار فراہم کر نے والے حکومت کے کووڈ-19 پورٹل کے مطابق 4 جون کو صوبے میں 626 کیسز کے اضافے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 536 ہوگئی۔

علاوہ ازیں مزید 20 اموات کے بعد سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 575 ہوگئی۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مزید 228 افراد کورونا کا شکار ہو گئے جبکہ دو افراد ہلاک بھی ہوئے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان کے 16 اضلاع سے کُل 228 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ روز بھی مزید 130 افراد وائرس کی زد میں آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 582 ہو گئی ہےجس میں سے 4ہزار 618 کیسز کا تعلق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ہے۔

صوبے میں مزید دو افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 53ہو گئی ہے۔

صوبہ بلوچستان میں اب تک 2ہزار 37افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں اور یہ شرح مجموعی کیسز کا 36.5فیصد بنتی ہے۔

صوبے میں اس وقت تین ہزار 492 فعال کیسز ہیں جبکہ گزشتہ گھنٹے کے دوران 288افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں مزید 21 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

صوبے میں نئے 517 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 890 ہو گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں مزید 21 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 521 ہو گئی ہے۔

صوبے میں مزید 71 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہین جس کے بعد وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3ہزار 221 ہو گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1615 نئے کیسز اور 37 اموات ریکارڈ ہوئیں۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1615 نئے کیسز آنے کے بعد مجموعی تعداد 31 ہزار 104 ہوگئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئیں جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 607 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں صوبے میں اب تک 7 ہزار 712 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 59 ہزار 254 کا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا اور وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

سرکاری سطح پر قائم کی گئی ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 356 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 188 سے بڑھ کر 3 ہزار 544 ہوگئی جبکہ اموات بھی 34 سے بڑھ کر 38 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان کی صورتحال ہے جہاں کیسز کی تعداد گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں زیادہ نظر آرہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 45 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

ان نئے مریضوں کے بعد اب تک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 779 سے بڑھ کر 824 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والا علاقہ ہے اور وہاں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے اس نئے کیس سے مجموعی متاثرین 284 سے بڑھ کر 285 ہوگئے ہیں۔

صحتیاب افراد

تاہم اس صورتحال کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ کورونا وائرس کو شکست بھی دے رہے ہیں جو دیگر کے لیے امید کا باعث ہے۔

سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1205 مریض صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 923 سے بڑھ کر 30 ہزار 128 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 87765

اموات: 1813

صحتیاب 30128

فعال کیسز: 55824

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 33 ہزار 536 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 31 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 11 ہزار 890 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 582 ہے۔

اسلام آباد میں 3544، گلگت بلتستان میں 824 اور آزاد کشمیر میں 285 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب: 607

سندھ: 575

خیبرپختونخوا: 521

بلوچستان: 53

اسلام آباد: 38

گلگت بلتستان:12

آزاد کشمیر: 07

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 86 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

جس کے بعد جون کا آغاز بھی مزید اموات کے ساتھ ہوا ہے اور اب تک تعداد 1700 سے زائد ہوچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024