• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

چینی اسکینڈل: 'شہزاد اکبر اور وفاقی حکومت ،وزیراعظم کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں'

شائع June 1, 2020
مرتضیٰ وہاب کے مطابق   یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ چینی اسکینڈل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت ملوث ہے—فوٹو: ڈان نیوز
مرتضیٰ وہاب کے مطابق یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ چینی اسکینڈل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت ملوث ہے—فوٹو: ڈان نیوز

حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چینی اسکینڈل میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وفاقی حکومت، وزیراعظم عمران خان کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ اس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت ملوث ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چینی اسکینڈل کی انکوائری رپورٹ آنے کے بعد وفاقی حکومت سے کچھ سوالات کیے تھے لیکن کئی روز گزرنے کے باجود ان کی طرف سے جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ کہتی ہے کہ چینی بحران کی وجہ اس کی برآمد ہے لیکن اس کی اجازت تو وفاقی حکومت نے دی تھی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت نے چینی برآمد کرنے کی سفارش کی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ نے اس کی منظوری دی۔

مزید پڑھیں: چینی بحران رپورٹ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی کے خلاف چارج شیٹ ہے، شہزاد اکبر

ترجمان کے مطابق کسی نہ کسی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کو انکوائری کمیشن کے سامنے نہیں بلایا گیا، وزیراعظم سے سوال نہیں پوچھا جاتا کیونکہ ان کا تعلق پیپلزپارٹی سے نہیں ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہزاد اکبر اور وفاقی حکومت وزیراعظم کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ براہ راست وزیراعظم عمران خان اس کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی برائے احتساب اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ وزیراعظم نے چینی برآمد کی اجازت دی۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ یہ کہہ دیں کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی، یہ کہہ دیں کہ تمام باتیں غلط ہیں اور کمیشن رپورٹ بھی غلط ہے۔

سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف 11 ماہ میں چینی بحران سے 40.5 ارب روپے لوگوں نے کمائے، یہ کہتے ہیں کہ 26 ارب روپے کا جواب لیں گے پہلے یہ سوال تو کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 ماہ میں وزیراعظم نے ثابت کردیا کہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں، اپوزیشن کے لیے الگ اور ان کے لیے الگ پاکستان ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق ایک پاکستان میں اپوزیشن کو بغیر تحقیق کے گرفتار کرلیا جاتا ہے اور اور حکومتی ارکان کو الزام ثابت ہونے پر بھی رعایت دی جاتی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ چینی اسکینڈل میں جو قوانین ہمارے لیے ہیں وہی حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی اراکین کے لیے ہونے چاہئیں۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنے اثاثے الیکشن کمشین میں ظاہر کردیے ہیں، اپوزیشن لیڈر شمیم نقوی کہتے ہیں کہ آصف زرداری کی 18 شوگر ملز ہیں یہ غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کریں، میں ان بے بنیاد الزامات کی نفی کرتا ہوں۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ رپورٹ میں اومنی گروپ کی 9 شوگر ملز کا ذکر ہے، سندھ حکومت نے اومنی گروپ کو 1.3 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی جبکہ 1.9 ارب روپے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی شوگر ملز کو سبسڈی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کا اس انکوائری کمیشن سے تعلق ہی نہیں، قانونی اعتبار سے ہم پر کیس ہی نہیں بنتا اس لیے یہ سیاسی پوائٹ اسکورنگ کے لیے پریس کانفرنس کا سہارا لیتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے پیپلزپارٹی قیادت اور وزیراعلی کو شامل کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں اگر قانون کا راستہ اختیار کرنا پڑا تو ہم ضرور کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جو حکومت چینی کو قابو نہیں کرسکے وہ کورونا کو بھی کنٹرول نہیں کرسکتی، شاہد خاقان

کےالیکٹرک سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے زائد بل بھیجنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، ہم صارفین کو ریلیف دینا چاہتے تھے لیکن گورنر سندھ نے یہ رعایت وفاق کی طرف سے دیے جانے کا کہا تھا اور ہمارے ریلیف آرڈیننس پر اعتراض کیا تھا مگر یہ کہتے کچھ اور کرتے کچھ اور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش ہے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت وفاق کی حکمت عملی پر عملدرآمد کرے گی۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صبح 10 بجے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں شرکت کی اور وہ اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے لیکن ملک کی خاطر ہم وفاقی حکومت کے جو بھی فیصلے ہوں گے ان پر عملدرآمد کریں گے۔

انہو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع دن سے حکومت سندھ کی سخت لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو نقصان پہنچایا گیا یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما صوبائی حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف پیغامات کی وجہ سے عام آدمی اب تک انکاری ہے اور کہتا ہے کہ کورونا جیسی کوئی چیز نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نتیجہ کیسز اور اموات دونوں میں اضافے کی صورت میں نکلا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024