شہباز شریف کا کورونا کے باعث اموات میں اضافے پر اظہارِ تشویش
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں میں کورونا سے 78 افراد کے جاں بحق ہونے پر تعزیت اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان جاری کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناسمجھی، غیردانشمندی اور عاقبت نااندیشی سے کورونا وبا اس رفتار سے پھیل رہی ہے، کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز کے جاں بحق ہونے کی بڑھتی تعداد بھی انتہائی تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اموات کی بڑھتی تعداد ڈاکٹرز، ماہرین، تجزیہ نگاروں اور رہنماؤں کے خدشات کی تصدیق ہے اور حکومتی مجرمانہ لاپروائی سے ڈاکٹرز اور سمجھ بوجھ رکھنے والا ہر باشعور شخص گھبرایا ہوا ہے۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے جس میں وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ بے حسی اور غفلت کا نتیجہ خدانخواستہ بڑی تباہی کی صورت نکلنے والا ہے، ہوش کے ناخن لیے جائیں، ٹڈی دل کو ڈھول سے بھگانے اور کورونا کے پھیلاؤ اور اموات پر خاموشی کی حکومتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا، پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔