• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سات ممالک کے 40 فنکاروں کا وبا کے دنوں میں امید کا گانا

شائع May 30, 2020
گانے میں 40 موسیقاروں اور فنکاروں نے پرفارمنس کی ہے—اسکرین شاٹ
گانے میں 40 موسیقاروں اور فنکاروں نے پرفارمنس کی ہے—اسکرین شاٹ

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث خوف کو کم کرنے کے لیے اگرچہ حکومتیں کوشاں ہیں، تاہم اس ضمن میں کئی ممالک کے فنکار بھی لوگوں میں امید پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔

وبا کے دنوں میں لوگوں میں امید پیدا کرنے کے لیے ایسا ہی قدم پاکستان سمیت دنیا کے 7 ممالک کے 40 موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی اٹھایا اور انہوں نے مشترکہ طور پر ایک گانا جاری کردیا۔

’وی آر ون‘ اے خدا کے عنوان سے جاری کیے گئے گانے کو پاکستان کےمعروف موسیقار و گلوکار کاشان آدمانی نے کمپوز کیا ہے اور اسے پاکستان میں ڈریم اسٹیشن پروڈکشنز کے بینر تلے یوٹیوب پر جاری کیا گیا۔

’اے خدا‘ کی اردو شاعری صابر ظفر جب کہ انگریزی شاعری بابر شیخ نے لکھی ہے اور گانے میں مجموعی طور 7 ممالک کے 40 موسیقاروں، گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر لوگوں میں امید پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’یہ وطن تمہارا ہے‘ شوبز شخصیات کا ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین

گانے میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، برازیل اور روس سمیت پاکستان کے فنکاروں، موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گانے میں آواز کا جادو جگانے اور فن کا مظاہرہ کرنے والوں میں اگرچہ زیادہ تر پاکستانی ہیں، تاہم امریکا سمیت دیگر ممالک کے بھی ایک سے زائد موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی ان گانے میں حصہ ڈالا ہے۔

گانے کی موسیقی اور شاعری کو سنتے ہی امید کی آس دل میں اٹھنے لگتی ہے جب کہ فنکاروں کی جذباتی پرفارمنس بھی قابل تعریف ہے۔

گانے کو تیار کرنے کے حوالے سے کاشان آدمانی کا کہنا تھا کہ موسیقی چوں کہ روح کی غذا سمجھی جاتی ہے اور یہ مایوس لوگوں میں امید اور مثبت خیالات جگانے کا کام کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور تمام ممالک کے لوگ اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، تاہم اے خدا جیسے گانے اور مشترکہ منصوبے لوگوں میں امید اور حوصلہ پیدا کرنے کا کام کر سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024