• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جب کمیل ننجیانی نے غلط انداز کے پاکستانی لہجے کا کردار ادا کرنے سے انکار کیا

شائع May 28, 2020
کمیل ننجیانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی تھی—فوٹو: رائٹرز
کمیل ننجیانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی تھی—فوٹو: رائٹرز

آسکر ایوارڈ نامزد پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین کمیل ننجیانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار انہیں ہولی وڈ کی معروف اور بڑے بجٹ کی فلم میں ایک ایسے کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی تھی جس میں انہیں پاکستانی لہجے کو غلط اور مزاحیہ انداز میں پیش کرنا تھا۔

کمیل ننجیانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی، کراچی گرامر اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ 18 برس کی عمر میں امریکا منتقل ہوئے۔

انہوں نے کمپیوٹر سائنس اور فلاسفی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، جب کہ وہ امریکا کے معروف کامیڈین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

کمیل ننجیانی نے 2017 میں امریکا کا کامیڈی اسٹار آف دی ایئر ایوارڈ بھی جیتا تھا، انہیں یہ ایوارڈ ان کی اپنی بائیوگرافی فلم ’دی بگ سِک‘ پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد کامیڈین امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے

’دی بگ سک‘ کی کہانی کمیل ننجیانی کی پاکستانی پس منظر کی زندگی اور امریکی اہلیہ کے ارد گرد گھومتی ہے۔

کمیل ننجیانی اب تک 30 کے قریب فلموں، سیریز اور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، وہ آنے والی سپر ہیرو سائنس فکشن فلم (دی اٹرنل) میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، انہوں نے متعدد فلموں میں مسلمانوں کے کردار ادا کیے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہیں ان کے پاکستانی اور جنوبی ایشیائی لہجے کی وجہ سے ہولی وڈ میں کافی مقبولیت بھی حاصل ہے، تاہم ساتھ ہی وہ جنوبی ایشیائی خطے کے کرداروں کو غلط انداز اور خاص طور پر پاکستانی کرداروں کو غلط انداز میں پیش کرنے کے مخالف بھی ہیں۔

اور اب انہوں نے خود انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں ایک بہت بڑی ہولی وڈ فلم میں ایک ایسے کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی تھی جو پاکستانی لہجے کو غلط یا انتہائی مضحکہ خیز انداز میں پیش کرتا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی سے بات کرتے ہوئے کمیل ننجیانی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مذکورہ پیش کش صرف اسی وجہ سے ہی مسترد کردی تھی کیوں کہ اس میں انہیں پاکستانی لہجے کو غلط انداز میں پیش کرنا تھا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ ان کے پاس جنوبی ایشیائی اور خصوصی طور پر پاکستانی لہجے کو انتہائی اچھے انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور وہ بطور پاکستانی نژاد اداکار ایسا چاہتے بھی ہیں کہ انہیں ان کے خطے اور ملک کے کردار دیے جائیں مگر وہ صرف اداکاری کی خاطر اپنے ملک کے لہجے کو مضحکہ خیز انداز میں پیش نہیں کر سکتے۔

کمیل ننجیانی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں پاکستانی لہجے کے کردار دیے جائیں مگر وہ ایسے کردار کسی بھی صورت میں محض اس لیے ادا نہیں کریں گے کہ انہیں مضحکہ خیز انداز میں پیش کیا جائے۔

کمیل ننجیانی امریکی اداکارہ سے شادی کی—فوٹو: اے ایف پی
کمیل ننجیانی امریکی اداکارہ سے شادی کی—فوٹو: اے ایف پی

انٹرویو کے دوران اگرچہ کمیل ننجیانی نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس فلم میں یہ کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی تھی، تاہم رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر انہیں 2014 کی سپر ہٹ فلم (ڈیڈ پول) میں یہ کردار ادا کرنے کو کہا گیا ہوگا۔

ورائٹی کے مطابق ماضی میں یہ خبریں آ چکی ہیں کہ کمیل ننجیانی نے ڈیڈ پول کے کسی کردار کے لیے اوڈیشن دیا تھا جب کہ ان کی اہلیہ بھی اس حوالے سے تصدیق کر چکی ہیں تاہم بعد ازاں انہیں مذکورہ فلم میں کردار نہیں دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کمیل ننجیانی کی فلم کے چرچے

اور ساتھ ہی بتایا گیا کہ چوں کہ ڈیڈ پول میں ایک جنوبی ایشیائی نژاد کے ٹیکسی ڈرائیور کا کردار بھی ہے تو زیادہ تر امکانات یہی ہیں کہ کمیل ننجیانی کو ڈیڈ پول میں پاکستانی لہجے میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی ہوگی جو انہوں نے مسترد کردی۔

بلاک بسٹر فلم میں پاکستانی لہجے کے کردار کو غلط یا مضحکہ خیز انداز میں پیش کرنے کی پیش کش کو مسترد کیے جانے پر کمیل ننجیانی نے مزید کہا کہ انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں ہے اور وہ آئندہ بھی ایسے کردار ادا نہیں کریں گے۔

کمیل ننجیانی اور ان کی اہلیہ نے ایک ساتھ کام بھی کیا ہے—فوٹو: اے ایف پی
کمیل ننجیانی اور ان کی اہلیہ نے ایک ساتھ کام بھی کیا ہے—فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024