امریکا نے وینزویلا جانے والے جہازوں کیلئے مسائل پیدا کیے تو جوابی کارروائی کریں گے، ایران
ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے وینزویلا ایندھن لے کر جانے والے بحری جہازوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی تو وہ جوابی کارروائی کے لیے تیار رہے۔
پانچ ٹینکرز پر مشتمل جہاز ایندھن کی مشکلات سے دوچار وینیزوولا کی جانب رواں دواں ہے اور وہ کیریبیئن جزیروں کے راستے وہاں پہنچے گا اور ان کی اتوار تک وطن واپسی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: نئی امریکی بندشیں سابق پابندیوں کے غیر مؤثر ہونے کا ثبوت ہیں، ایران
حسن روحانی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کیریبیئن یا دنیا میں کسی بھی حصے میں امریکا نے ہمارے ٹینکرز کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی تو وہ مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی کسی بھی تنازع کا آغاز نہیں کرے گا اور ہمارے پاس اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کا قانونی حق ہے اور ہمیں امید ہے کہ امریکا کوئی غلطی نہیں کرے گا۔
دونوں حکومتوں کے ذرائع کے مطابق ایران، وینزویلا کو 15 لاکھ بیرلز سے زائد ایندھن کی ترسیل کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایرانی وزیر داخلہ سمیت 7 اہم عہدیداروں پر پابندی لگادی
اس امداد سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک سفارتی تعلق بھی قائم ہو گیا ہے جہاں دونوں ہی ملکوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہے۔
ایران کے تحفظات بے بنیاد محسوس نہیں ہوتے کیونکہ حالیہ عرصے میں امریکا نے کیریبیئن پانیوں میں اپنی بحری صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور اس کی وجہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام بتائی گئی ہے، لیکن امریکا کے اس عذر سے ایران اتفاق نہیں کرتا۔
مزید پڑھیں: ایران نے فرانسیسی شہری کو 6 سال قید کی سزا سنادی
البتہ پینٹاگون کے ترجمان جوناتھ ن ہوفمین نے ایرانی سمندری جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کے آپریشن یا کارروائی کے حوالے سے سراسر لاعلمی کا اظہار کیا۔
وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ جیسے ہی ایرانی جہاز ان کی معاشی حدود میں داخل ہوں گے تو وہ انہیں اپنی حفاظت میں لے لیں گے۔