• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm

'المناک، افسوسناک': مقامی، غیر ملکی رہنماؤں کا طیارہ حادثے پر دکھ کا اظہار

شائع May 22, 2020 اپ ڈیٹ May 23, 2020
فائر فائٹرز طیارے کے ملبے میں لگی آگ بجھانے کیلئے پانی ڈال رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
فائر فائٹرز طیارے کے ملبے میں لگی آگ بجھانے کیلئے پانی ڈال رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بدقسمت طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔

لاہور سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 66 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

طیارہ گرنے پر وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان، چیف جسٹس پاکستان، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پی آئی اے کا طیارہ گرنے پر دل نہایت رنجیدہ اور مغموم ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ سی ای او ارشد ملک اور موقع پر موجود امدادی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس سانحے کی فوری تحقیقات کروائی جائیں گی، میری دعائیں اور تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی آئی اے طیارہ حادثے کے المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم می شریک ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مکمل مدد کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

ادھر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد اور سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی جانب سے بھی کراچی میں پی آئی اے طیارہ تباہ ہونے کے افسوس ناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: حادثے کا شکار طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی، تحقیقات میں سب واضح ہوگا، ارشد ملک

انہوں نے المناک واقعے میں قیمتی جانیں گنوانیں والوں کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بھی پی آئی اے کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے اندوہ ناک فضائی حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔

نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے۔

انہوں نے پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو جاری امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی ہدایت کی جبکہ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز اور امدادی ٹیم دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

پی آئی اے طیارہ حادثے پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی رنج کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اس مشکل وقت میں پی آئی اے کے ساتھ ہے اور ریسکیو آپریشن میں بھی تعاون کررہے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے طیارے کے افسوسناک حادثے پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

دریں اثنا کراچی میں طیارہ حادثے کے فوری بعد وزیر ہوا بازی غلام سرور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم شہر قائد جاکر اس کی تحقیقات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ عید منانے کے لیے اپنے گھروں کو جارہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ نے کیا کہا اور 'گو اراؤنڈ' کیا ہے؟

ساتھ ہی ‎وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹیگیشن بورڈ کو طیارہ تباہ ہونے کی فوری انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غمزدہ کر دینے والا حادثہ ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس وقت ہماری بنیادی توجہ امدادی کارروائیوں پر مرکوز ہے۔

پی آئی اے طیارہ حادثے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شدید رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حادثے پر پوری قوم کو دلی رنج ہے، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ یہ اندوہناک حادثہ کس طرح پیش آیا اس حوالے سے اعلیٰ سطح تحقیقات کرائی جائیں۔

کراچی میں پیش آئے واقعے پر پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع مجھ سمیت پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے، انسانی جانوں کو بچانے کے لیے حکومت سندھ تمام وسائل بروئے کار لائے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا پی آئی اے طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار کراچی میں بڑا فضائی حادثہ

علاوہ ازیں واقعے پر بیرون ممالک سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان میں موجود چینی سفارتخانے کی جانب سے کراچی میں طیارہ حادثے پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں سفارتخانے نے لکھا کہ ’کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں میں اپنے پیاروں کو کھونے والے افراد سے ہم دلی تعزیت کرتے ہیں، غم کے اس وقت میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

اس کے ساتھ ہی امریکی سفارتخانے نے بھی واقعے پر بیان جاری کیا۔

ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ’پاکستان میں موجود امریکی وفد کی جانب سے کراچی طیارہ حادثے میں اپنی جاں بحق پاکستانی عوام اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں‘۔

علاوہ ازیں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پاکستان میں طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ واقعے میں جان سے جانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

بھارت کے معروف سیاست دان اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے حادثے کے متاثرین کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ حادثے میں معجزاتی طور پر کئی لوگوں کی جانیں محفوظ رہیں گی۔

ساتھ ہی افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے بھی کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ میرا دل حادثے میں زندگی گنوانے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، میں حکومت پاکستان اور وہاں کے لوگوں سے تعزیت کرتا ہوں، افغان دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 'صبح پاکستان سے آنے والی خبر انتہائی المناک ہے، کینیڈین عوام متاثرہ پاکستانیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'عیدالفطر کی چھٹیوں کے آغاز پر ہی ہولناک حادثے کے پیش آنے پر حکومت پاکستان سے تعزیت کرتے ہیں'.

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024