• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر 24 مئی کو ہوگی

شائع May 22, 2020 اپ ڈیٹ May 23, 2020
یو اے ای میں عید الفطر کی نماز گھروں پر ہی ادا کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز
یو اے ای میں عید الفطر کی نماز گھروں پر ہی ادا کی جائے گی—فائل فوٹو: رائٹرز

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا ان ممالک میں عیدالفطر 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا ہفتے کو آخری روزہ ہوگا۔

علاوہ ازیں گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ وزیر انصاف نے متعدد اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ ابوظہبی میں عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔

واضح رہے کہ یو اے ای میں عید الفطر کی نماز گھروں میں ہی ادا کی جائے گی۔

اس مرتبہ سعودی عرب میں عید الفطر قدرے مختلف انداز میں منائی جائے گی کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ریاض نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 24 گھنٹے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کر رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کرفیو کا اعلان

سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ عید الفطر کی 5 روزہ تعطیلات کے دوران ریاست بھر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

24 مارچ کو سعودی عرب میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ماہ شوال کے چاند سے متعلق فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا تاہم وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان میں عید 24 مئی کو ہوگی۔

انہوں نے نجی چینل آج ٹی وی کے پروگرام میں کہا تھا کہ اس مرتبہ پاکستان میں عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔

سعودی عرب میں مزید 13 جاں بحق، مجموعی تعداد 364

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مملکت میں ہلاکتوں کی تعداد 364 ہوگئی۔

وزارت صحت کے مطابق 2 ہزار 642 نئےکیسز بھی منظر عام آنے کے بعد مجموعی تعداد 68 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

حکام کے مطابق زیادہ تر کیسز ریاض میں 856، جدہ 403 اور مکہ مکرمہ میں 289 رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے واضح کیا تھا کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ رمضان کے اختتام تک ریاست کے تمام شہروں اور علاقوں میں لوگوں کو صبح 9 سے شام 5 بجے کے درمیان آزادانہ طور پر نقل مکانی کرنے کی اجازت ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024