کورونا وائرس: بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 6 ہزار سے زائد کیسز
دنیا بھر جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کا سلسلہ بتدریج جاری ہے وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 6 ہزار 88 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 447 ہوگئی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی 11 ریاستوں میں ایک ہی دن میں 6 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں: تارکین وطن کی مدد کرنے والے پاکستانی نژاد امریکی کا کورونا وائرس سے انتقال
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 2 ہزار 187 کیسز مہاراشٹر میں رپورٹ ہوئے۔
علاوہ ازیں مہاراشٹر میں اموات کی تعداد دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جہاں اب تک ایک ہزار 454 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب ’اے پی‘ کے مطابق بھارت میں وبائی امراض کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 583 ہوگئی۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 48 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔
روس میں ایک دن میں ریکارڈ 150 اموات رپورٹ
روس میں حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے ریکارڈ 150 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نئی اموات کے بعد مجموعی تعداد 3 ہزار 249 ہوگئی۔
روسی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
ملائیشیا میں متاثرین کی تعداد 26 ہزار سے زائد
دوسری جانب ملائیشیا میں بھی وائرس کے نئے کیسز بتدریج سامنے آرہے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ملائیشیا میں نئے 78 کیسز کی اطلاع کے بعد وہاں مجموعی طور پر وائرس سے متاثرین کی تعداد 7 ہزار 137 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیارہ امریکی صدور کے لیے کھانے بنانے والا باورچی کورونا سے ہلاک
علاوہ ازیں وزارت صحت کے مطابق ایک نئی ہلاکت کے بعد مجموعی جاں بحق افراد کی تعداد 115 ہو گئی۔
یو اے ای میں 70 فیصد کاروبار اگلے 6 ماہ تک بند رہنے کی توقع
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 894 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 26 ہزار 898 ہوگئی۔
دوسری جانب دبئی چیمبرز آف کامرس کے ایک سروے کے مطابق دبئی میں کورونا وائرس کی وجہ تقریباً 70 فیصد کاروبار اگلے 6 ماہ کے اندر بند رہنے کی توقع ہے۔
سیاحت اور ٹریول کے شعبے کی تمام کمپنیوں، ریل اسٹیٹ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ کمپنیوں اور چھوٹے بڑی دکانوں کے مالکان نے توقع ظاہر کی کہ دوسری سہ ماہی میں بھی کاروباری سرگرمیوں میں 75 فیصد سے زیادہ کمی ہوگی۔
ایران میں 24 گھنٹے میں 51 افراد جاں بحق
اگر ایران کی بات کی جائے تو وہاں بھی وائرس کے کیسز منظر عام پر آرہے ہیں۔
ایران کے وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کی وجہ سے مزید 51 ایرانیوں کی موت ہوگئی۔
مزید پڑھیں: سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے والد کے قاتلوں کو معاف کردیا
انہوں نے بتایا کہ وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 300 تک پہنچ گئی۔
وزارت صحت کے مطابق کل سے اب تک 2 ہزار 311 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2 ہزار 659 متاثرین کی حالات تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اب تک 7 لاکھ 63 ہزار 913 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے رمضان کے بعد تمام مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
ایران کی حکومت نے کورونا وائرس کے سیکڑوں نئے کیسز سامنے آنے کے باوجود عیدالفطر کے بعد تمام مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان کردیا تھا۔
’لندن میں 5 فیصد افراد وائرس سے متاثر ہیں‘
علاوہ ازیں برطانوی محکمہ صحت کے سیکریٹری میٹ ہینکوک نے کہا کہ تقربیاً 17 فیصد لندن کے شہریوں جبکہ ملک کے باقی حصوں میں 5 فیصد افراد کورونا وائرس کا شکار ہیں۔
مزیدپڑھیں: فلسطین نے سی آئی اے سے سیکیورٹی رابطے منقطع کردیے
انہوں نے ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر عوام کو یہ جاننے کے لیے کہ ان میں کورونا وائرس ہے یا نہیں، انہیں بڑے پیمانے پر اینٹی باڈی ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار سے زائد کیسز منظر عام پر آنے کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں اس دورانیے میں 351 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد مجموعی اموات 36 ہزار 393 ہوگئیں۔
فرانس میں کیسز میں معمولی کمی
دوسری جانب فرانس میں نئے کورونا کیسز، اموات میں معمولی کمی آئی ہے۔
صحت کی انتظامیہ نے 318 مصدقہ کیسز سے متعلق رپورٹ کیا جس کے مطابق نئے کیسز میں یہ 0.2 فیصد کا اضافہ ہے۔
خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں اموات کی تعداد میں بھی معمولی کمی آئی ہے اور 24 گھنٹے کے دوران مزید 83 مریض انتقال کرگئے۔
فرانس میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 215 ہوگئی ہے۔