• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی گدھے اور مالک کے گلے ملنے کی ویڈیو وائرل

شائع May 21, 2020
اسماعیل فرنانڈز کی ویڈیو وائرل ہوگئی—اسکرین شاٹ
اسماعیل فرنانڈز کی ویڈیو وائرل ہوگئی—اسکرین شاٹ

دسمبر 2019 سے چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے جہاں 21 مئی کی شام تک دنیا بھر میں 50 لاکھ افراد کو متاثر کیا تھا، وہیں اس وبا نے 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد انسانوں کی زندگی بھی چین لی تھی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے دنیا کے 190 سے زائد ممالک نے کم از کم ڈھائی سے 3 ماہ تک سخت لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا تھا، تاہم رواں ماہ مئی کے آغاز میں ہی کئی ممالک نے لاک ڈاؤن میں نرمیاں کرنا شروع کردی تھیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمیاں کرنے والے ممالک میں یورپی ملک اسپین بھی شامل ہے، جہاں پر 21 مئی کی شام تک کورونا سے 2 لاکھ 32 ہزار انسان متاثر جب کہ 27 ہزار 888 افراد ہلاک ہوچکے تھے۔

اسپین کی حکومت نے مئی کے آغاز میں ہی لاک ڈاؤن کو نرم کرنا شروع کردیا تھا اور لوگوں کو سخت احتیاطی تدابیر کے تحت سرگرمیاں سر انجام دینے کی اجازت دی تھی۔

تقریبا ڈھائی سے 3 ماہ تک مکمل لاک ڈاؤن رہنے کی وجہ سے اسپین میں لاکھوں لوگ ایک ہی جگہ پھنس گئے تھے اور کچھ افراد اپنے گھروں سے دور رہنے پر بھی مجبور تھے۔

گھروں سے دور رہنے والے افراد لاک ڈاؤن نرم ہونے کے بعد جب چند ہفتوں بعد گھر لوٹے تو وہ اپنے گھر، اہل محلہ، درختوں اور جانوروں کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور ایسے افراد میں جنوبی اسپین کے ایک 38 سالہ شخص بھی ہیں جو 2 ماہ بعد اپنے گدھے سے ملنے کے بعد جذباتی ہوگئے۔

ویڈیو میں مالک کو جذباتی انداز میں گدھے سے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ
ویڈیو میں مالک کو جذباتی انداز میں گدھے سے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—اسکرین شاٹ

اسپینش ویب سائٹ ریڈیو اسٹیشن کوپ کے مطابق جنوبی اسپین کے علاقے اندالوسیا کے 38 سالہ اسماعیل فرنانڈز جب 2 ماہ کے طویل عرصے بعد گھر لوٹے تو وہ اپنے گدھے سے گلے مل کر جذباتی ہوگئے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔

اسماعیل فرنانڈز ملک میں اچانک لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد گھر سے دور پھنس گئے تھے اور وہ تقریبا 10 ہفتوں تک گھر سے دور رہے ہیں اور اس دوران انہیں قرنطینہ میں بھی اپنے گدھے کی فکر تھی۔

تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جب وہ گھر پہنچے تو وہ سب سے زیادہ جذباتی انداز میں اپنے گدھے سے ملے اور ان سے گلے مل کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔

رپورٹ کے مطابق اسماعیل فرنانڈز نے بتایا کہ جب وہ گھر پہنچے تو انہوں نے گدھے کو آوازیں دینا شروع کیں اور دور سے جب ان کی نظر اپنے پیارے گدھے پر پڑی تو ابتدائی طور پر وہ اسے پہنچان نہیں سکے لیکن گدھے نے انہیں پہنچان لیا تھا۔

تقریبا ڈھائی ماہ بعد اپنے گدھے سے جذباتی انداز میں ملنے کی ویڈیو کو اسماعیل فرنانڈز نے اپنے فیس بک پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور دنیا بھر کے نشریاتی اداروں نے اس پر خبریں بنائیں۔

ویڈیو میں اسماعیل فرنانڈز کو اسپینش زبان میں بڑے رومانوی اور دردناک انداز مین اپنے گدھے کو بلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں گدھے کے مالک کو اپنے گدھے سے جذباتی انداز میں گلے ملتے ہوئے اور ان سے شکوے کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

اسماعیل فرنانڈز نے اپنے گدھے کے ساتھ سیلفی کو بھی فیس بک پر شیئر کیا اور اس سے محبت کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024