• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

پی ٹی آئی کی رکنِ اسمبلی کورونا وائرس سے جاں بحق

شائع May 20, 2020
معالجین نے بتایا کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا—تصویر: پنجاب اسبملی ویب سائٹ
معالجین نے بتایا کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق تھا—تصویر: پنجاب اسبملی ویب سائٹ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئیں۔

60 سالہ شاہین رضا کو علیل ہونے پر 17 مئی کو پہلے گوجرانوالہ کے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم طبیعت بگڑنے پر 3 روز قبل انہیں لاہور کے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

شاہیں رضا میو ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھیں جہاں وہ آج (منگل کی) صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ان کا علاج کرنے والے معالجین نے بتایا کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر (فشار خون) کا عارضہ بھی لاحق تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا: ملک میں 45 ہزار 189 متاثرین، 13 ہزار سے زائد صحتیاب

متوفی رکن اسمبلی کے قریبی رفقا کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل انہوں نے کورونا مریضوں کےلیے قائم فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر مستحقین میں راشن بھی تقسیم کیا تھا۔

ان کے انتقال پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

شاہین رضا 2018 میں ضلع گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں اور گزشتہ کئی سال سے پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ اور متحرک تھیں۔

ان کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت صوبائی وزرا اور اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس فروری کے آخر میں منظر عام پر آیا تھا جس کے بعد اسے کے پھیلاؤ کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ اس میں تیزی بھی آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے 2 بچے کورونا وائرس کا شکار

وائرس سے جاں بحق ہونے والی پہلی نمایاں شخصیت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی تھے جبکہ سب سے پہلے متاثر ہونے والے سیاستدان پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی تھے۔

ان کے علاوہ یہ وائرس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر خزانہ بلوچستان ظہیر بلیدی، رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کو بھی متاثر کرچکا ہے جو خوش قسمتی سے اس سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

پاکستان میں اس وبا کی وجہ سے 969 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہزار 189 ہے البتہ کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد13 ہزار 101 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024