• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان میں کورونا کیسز 45 ہزار سے زائد، اموات 969 ہوگئیں

شائع May 19, 2020 اپ ڈیٹ May 20, 2020
پاکستان میں اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں کورونا وبا کے پنجے گاڑنے کے بعد اب پاکستان میں اس کا پھیلاؤ تیزی سے ہورہا ہے اور اس کے مزید نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر مصدقہ کیس کی تعداد 45 ہزار 61 ہوگئی جبکہ اموات 969 تک جاپہنچیں۔

پاکستان میں اس وبا کو تقریباً 3 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے اور اس دوران اس کے کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ابتدائی طور پر آنے والے چند کیسز، پہلے درجنوں میں گئے جبکہ ہم یومیہ سیکڑوں یا یوں کہیں کہ ہزار سے زائد کیسز دیکھنے میں آرہے ہیں، اس کے علاوہ اموات کی شرح بھی اچانک بڑھ گئی ہے۔

اگر اس تقریباً 3 ماہ کے عرصے کا جائزہ لیں تو 26 فروری 2020 کو ملک میں پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد مارچ کے آخر تک ان کیسز کی تعداد 2000 سے تجاوز کی جبکہ اموات 26 تک رہیں۔

اپریل میں وائرس کا پھیلا کچھ تیز ہوا اور ایک ماہ یعنی 30 اپریل تک پاکستان میں کیسز ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئے اور اموات 385 تک جاپہنچی۔

تاہم مئی کا مہینہ اس وائرس کے پھیلاؤ کے حساب سے اب تک سب سے خطرناک ثابت ہوا ہے اور یکم مئی سے 18 مئی یعنی صرف 18 روز میں کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ کر 43 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اموات بھی بڑھ کر 900 کا ہندسہ عبور کرگئیں۔

تاہم جہاں ایک طرف کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا جارہا وہی دوسری طرف حکومتی سطح پر لگائی گئی مختلف پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو سلسلہ وار نرم کیا جارہا جبکہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کاروباری مراکز ہفتے اور اتوار کو بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں تمام شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دے دی۔

آج (19 مئی) کی صورتحال کو دیکھیں تو کورونا کے نئے متاثرین اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 706 نئے کیسز اور 19 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں ان 706 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 17 ہزار 947 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 19 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات 299 تک پہنچ گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 135 مریض کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 34 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 376 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 630 نئے کیسز اور 13 اموات کا اضافہ ہوا۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری کیئر کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان کیسز کے اضافے سے مجموعی متاثرین 15 ہزار 976 ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 13 اموات بھی ہوئی جس کے بعد اب تک صوبے میں اس وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 273 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وبا کے مزید 324 کیسز اور 11 اموات سامنے آئیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے ساتھ مجموعی متاثرین 6 ہزار 554 ہوگئے ہیں۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ مزید 11 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس کے بعد خیبرپختونخوا میں مجموعی اموات کی تعداد 345 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جہاں کیسز کی تعداد ابتدا میں کم تھی وہاں کیسز اب ایک ہزار سے تجاوز کرگئے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 37 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 2 اموات بھی ہوئیں۔

ان نئے متاثرین کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 997 سے بڑھ کر 1034 ہوگئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے 65 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2885 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں فعال کیسز کی تعداد 2239 ہے جبکہ 608 افراد وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان بھی کورونا سے کم متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل تھا، تاہم اب وہاں بھی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ان 10 نئے متاثرین کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 540 سے بڑھ کر 550 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر جہاں حال ہی میں لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی کو ختم کیا گیا وہاں کورونا سے مزید 3 افراد متاثر ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس وقت پورے ملک میں سب سے کم متاثرین اور انتقال کرنے والوں کی شرح آزاد کشمیر میں ہے۔

آزاد کشمیر میں متاثر ہونے والے ان 3 افراد کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 115 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں سامنے آنے والے ان متاثرین کے باجود اس عالمی وبا کے مریضوں کا صحتیاب ہونا دیگر کے لیے امید کا باعث ہے۔

اس وقت ملک میں مصدقہ کیسز کی ایک بڑی تعداد صحتیاب ہوچکی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 567 مریض اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

جس کے بعد پاکستان میں اس وقت تک کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11922 سے بڑھ کر 12 ہزار 489 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں ملک میں کیسز کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے کہ اب تک مصدقہ کیسز 45 ہزار 61 ہیں جس میں سے 969 کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ 12 ہزار 489 صحتیاب ہوگئے ہیں تو اس طرح 31 ہزار 538 فعال کیسز ہیں۔

صوبوں کے حوالے سے دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 17 ہزار 947 کیسز جبکہ پنجاب میں 15 ہزار 346 لوگ متاثر ہیں۔

خیبرپختونخوا میں یہ وائرس 6 ہزار 554 جبکہ بلوچستان میں 2 ہزار 885 لوگوں کو متاثر کرچکا ہے۔

مزید یہ کہ دیگر علاقوں میں اسلام آباد کے کیسز پر نظر ڈالیں تو وہاں ایک ہزار 34 لوگ متاثر ہیں۔

گلگت بلتستان میں 550 جبکہ آزاد کشمیر میں 115 لوگ اس عالمی وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 345

  • سندھ: 299

  • پنجاب: 273

  • بلوچستان: 38

  • اسلام آباد: 09

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 43 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 900 سے تجاوز کرگئی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024