• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین کی تعداد 43 ہزار سے متجاوز، اموات 924 ہوگئیں

شائع May 18, 2020 اپ ڈیٹ May 19, 2020
ملک میں وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 11922 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 11922 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر سمیت پاکستان میں پھیلے کورونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور اب تک ملک میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہزار 286 ہوگئی ہے جبکہ اموات 924 تک جا پہنچی ہیں۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (18 مئی کو) ابھی تک ملک میں 1986 مریضوں کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیاگیا تھا۔

تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا اور آج سے مختلف صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال کی جارہی ہے۔

ابتدا میں ملک میں وائرس کا پھیلاؤ سست رہا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور وائرس کو تقریباً 3 ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد یومیہ ایک ہزار یا اس سے زائد کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔

اعداد و شمار کو دیکھیں تو 26 فروری سے 30 اپریل تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات کی تعداد 385 تھی۔

تاہم یکم مئی سے آج (18 مئی تک) پاکستان میں 23 ہزار سے زائد کیسز اور 500 سے زائد اموات ہوچکی ہیں جو انتہائی پریشان کن ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ بھی ہے اور 16 مئی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس آنے کے بعد سے ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں 30 گنا اضافہ کیا گیا اور ہفتے کو ایک ہی روز میں ریکارڈ 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

آج بھی ملک میں کورونا وائرس کے سیکڑوں متاثرین سامنے آئے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 864 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 864 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار 241 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مزید 3 افراد کے انتقال کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 280 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ آج سامنے آنے والے 864کیسز میں 657 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 12472 ہزار 472 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 11 ہزار 95 گھروں میں، 815 آئسولیشن مراکز اور 562 ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں 136 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 29 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس کے 762 نئے کیسز سامنے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 15 ہزار 346 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ ان نئے کیسز میں سے لاہور میں 503 مریض سامنے آئے ہیں۔

ترجمان نے وبا سے مزید 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 260 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں مزید 50 کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 947 سے بڑھ کر 997 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے مزید 169 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 6230 ہوگئی۔

بیان میں مزید 16 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جن میں سے 12 کی پشاور جبکہ صوابی، سوات، بنیر اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایک، ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔

اموات میں اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی کُل تعداد 334 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 128 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2820 ہوگئی۔

محکمے نے ایک اور موت کی بھی تصدیق کی جس کے بعد بلوچستان میں وبا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں آج مزید 13 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 527 سے بڑھ کر 540 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں ملک میں کورونا وائرس کے مریض اور اس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں ہونے والا اضافہ اُمید کی کرن ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد میں مزید 581 افراد کا اضافہ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 11341 سے بڑھ کر 11922 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو اس وقت32 ہزار286 افراد متاثر ہیں جبکہ 924 افراد انتقال کرچکے ہیں اور 11 ہزار 922 کی صحتیابی کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 30 ہزار 441 ہے۔

سندھ میں اس وقت متاثرین کی تعداد 17 ہزار 241 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 15 ہزار 346 ہوچکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس نے 6 ہزار 230 لوگوں کو متاثر کیا اور بلوچستان میں یہ تعداد 2 ہزار 820 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد میں اب تک 997 افراد کو عالمی وبا نے متاثر کیا جبکہ گلگت بلتستان میں 540 اور آزاد کشمیر میں 112 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 334

  • سندھ: 280

  • پنجاب: 260

  • بلوچستان: 38

  • اسلام آباد: 07

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 41 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 800 سے تجاوز کرگئی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024