• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسرائیل میں چینی سفیر پراسرار طور پر ہلاک

شائع May 17, 2020
ترجمان اسرائیلی پولیس کے مطابق ڈو وی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے—فوٹو: رائٹرز
ترجمان اسرائیلی پولیس کے مطابق ڈو وی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے—فوٹو: رائٹرز

اسرائیل میں تعینات چین کے سفیر ڈو وی متنازع دارالحکومت تل ابیب کے مضافاتی علاقے میں واقع اپنے گھر میں پر اسرار طور پر مردہ حالت میں پائے گئے۔

خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق چینی سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے چینی سفیر کی موت کی وجہ نہیں بتائی جن کی عمر 57 برس تھی اور وہ رواں برس فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر تعینات ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ معمول کی کارروائی کے مطابق پولیس یونٹس جائے وقوع پر موجود ہیں'۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: امریکا، چین میں لفظوں کی جنگ شدت اختیار کرگئی

دوسری جانب ہاریٹز ڈیلی کے مطابق ابتدائی رپورٹس کے مطابق ڈو وی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور ان کی لاش پر تشدد کے نشانات نہیں تھے۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں ابتدائی طبی امداد کی خدمات انجام دینے والی سروس کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ڈو وی کی موت کی وجہ دل کی تکلیف معلوم ہوتی ہے۔

ڈو وی اس سے قبل یوکرین میں سفارتکار کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

وہ شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے لیکن ڈو وی کی اہلیہ اور بیٹا اسرائیل میں ان کے ہمراہ موجود نہیں تھے۔

خیال رہے کہ ڈو وی کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کی جانب سے اسرائیل کے حالیہ دورے میں کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق چین کے ردعمل پر تنقید کی تھی۔

جس کے بعد 15 مئی کو جاری بیان میں چینی سفارت خانے نے مائیک پومپیو کے بیان کی مذمت کی تھی اور چین کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران کو شروع میں چھپانے کے الزام کو مسترد کیا تھا۔

علاوہ ازیں قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل یووال روٹیم نے کہا کہ انہوں نے چین کے ڈپٹی سفارت کار سے ڈو وی کی موت کی تعزیت کی اور اس حوالے سے چینی سفارت خانے کو ہر قسم کی مدد کی پیشکش بھی کی۔

ادھر برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے چینل 12 ٹی وی نے نامعلوم طبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈو وی کی موت حالتِ نیند میں طبی وجوہات کے باعث ہوئی۔

ڈو وی کی تعیناتی کے بعد اسرائیل میں واقع چینی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر ان کا ایک بیان درج ہے جس میں انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چین اور اسرائیل کے مابین تعلقات کی تعریف کی تھی۔

اسرائیل آمد پر خودساختہ آئیسولیشن

کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث 15 فروری کو اسرائیل پہنچنے کے بعد چینی سفیر فوری طور پر 2 ہفتے کے لیے خود ساختہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ اسرائیلی اخبار ماکور رشون کو دیے گئے انٹرویو میں انہون نے کہا تھا کہ چین کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مہلک کورونا وائرس پر جلد قابو پالے گا، چینی سفیر

ڈو وی نے کہا تھا کہ تاریخ میں ایک سے زائد مرتبہ مخصوص افراد پر مشتمل گروہوں کو عالمی وبائیں پھیلانے کا مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قابل مذمت ہے اور اس کی مذمت کی جانی چاہیے، یہ بیماری پوری انسانیت کی دشمن ہے اور دنیا کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024