سام سنگ کے گلیکسی اے سیریز کے 3 فونز متعارف
سام سنگ نے رواں ہفتے کے دوران اے سیریز کے 3 نئے فونز خاموشی سے مختلف ممالک میں متعارف کرا دیئے ہیں۔
ان میں سے ایک گلیکسی اے 11، دوسرا گلیسی اے 21 اور تیسرا گلیکسی 31 ہے۔
گلیکسی اے 11 اور گلیکسی اے 31 رواں سال مارچ میں متعارف کرائے گئے تھے مگر اب انہیں فروخت کے لیے سب سے پہلے تھائی لینڈ میں پیش کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلیکسی اے 21 کو برطانیہ میں سب سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔
گلیکسی اے 11
بنیادی طور پر یہ کمپنی کا انٹری لیول اسمارٹ فون ہے جس میں 1.8 گیگاپرٹز کور پراسیسر (ممکنہ طور پر اسنیپ ڈراگون 625 یا 626) دیا گیا ہے جبکہ 2 سے 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
یہ فون 4000 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس ہے جس کے ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈوئل سم سپورٹ، ایل ٹی ای، جی پی ایس، وائی فائی، بلیوٹوتھ اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
اس فون میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے، جبکہ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرا بھی موجود ہے جن کے ساتھ ایل ای ڈی فلیش دی گئی ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر بیک پر موجود ہے۔
اس کی قیمت 5 ہزار 199 تھائی بھات (لگ بھگ 26 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔
گلیکسی اے 21
اس فون میں 6.5 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اوکٹا کور پراسیسر موجود ہے۔
اس فون میں 3 سے 6 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
اس کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر اور 2 میگا پکسل میکرو لینس دیا گیا ہے، فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں موجود ہے۔
اس کی قیمت 179 برطانوی پاؤنڈ (34 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔
گلیکسی اے 31
اس میں 6.4 انچ فل ایچ ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ 2 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پرایسسر، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 48 میگاپکسل کا ہے۔
اس کے علاوہ 5 میگا پکسل ڈیپتھ، 8 الٹرا وائیڈ اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرا بھی موجود ہے اور فون کے فرنٹ پر 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا رین ڈراپ نوچ میں دیا گیا ہے۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے اور اس کی قیمت 9 ہزار تھائی بھات (44 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔