• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm

کورونا وائرس نے بھارت کے سب سے بڑے شہر کا طبی نظام ہلا دیا

شائع May 16, 2020
سیون ہسپتال ممبئی میں کورونا پر قابو پانے میں ناکامی کی مثال بن چکا ہے — اے ایف پی فوٹو
سیون ہسپتال ممبئی میں کورونا پر قابو پانے میں ناکامی کی مثال بن چکا ہے — اے ایف پی فوٹو

مردہ خانوں میں جگہ ختم ہونے کے بعد وارڈز میں لاشیں، ایک بستر پر کئی مریض اور طبی عملے کی بھاگ دوڑ، بھارتی شہر ممبئی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ نے طبی نظام کو منہدم ہونے کے قریب پہنچادیا ہے۔

26 سالہ روی کو اپنی والدہ کا ڈائیپر خود بدلنا پڑے، جو اس وقت لوک مانیا تلک میونسپل جنرل المعروف سیون ہسپتال میں بیماری کے نتیجے میں قریب المرگ ہیں۔

روی (اصلی نام نہیں) نے اے ایف پی کو بتایا 'وہ ہمیں بس ادویات دیتے ہیں اور چلے جاتے ہیں'۔

اس کا کہنا تھا کہ 13 سو بستروں کے اس ہسپتال کے عملے کو بہت زیادہ کام اور تھکاوٹ کا سامنا ہے اور کئی بار ایک بستر پر 3 مریض ہوتے ہیں۔

اب روی خود وائرس کا شکار ہوکر ایک اور ہسپتال میں زیرعلاج ہے، مگر اس سے قبل 4 طبی مراکز نے اسے داخل کرنے سے انکار کیا۔

اس کا کہنا تھا 'ہمارے پاس اس بیماری کے لیے انفراسٹرکچر نہیں'۔

ریاست کے زیرانتظام سیون ہسپتال اس وبا کی روک تھام کے حوالے سے ممبئی کی حیران کن ناکامی کی مثال بن چکا ہے۔

گزشتہ دنوں ایک ویڈیو سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر گردش کرتی رہی جس میں دکھایا گیا تھا کہ سیاہ پلاسٹک میں بند لاشیں ایک وارڈ میں رکھی ہیں جہاں مریضوں کا علاج بھی ہورہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس فوٹیج کی تحقیقات کررہے ہیں۔

بہت زیادہ کیسز

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جگہ کی کمی اور رشتے داروں کا بہت زیادہ خوف یا خود قرنطینہ میں ہونے کے باعث لاشوں کو لے کر جانے میں ناکامی کے نتیجے میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی آخری رسومات آسانی نہیں رہیں۔

مگر بیمار افراد سے نمٹنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے۔

سیون ہسپتال میں نائٹ شفٹ میں کام کرنے والے ایک جونیئر ڈاکٹر آدتیہ برجی نے اے ایف پی کو بتایا 'ہمارے پاس اتنے زیادہ کیسز کے لیے بستر ہی نہیں، ایمرجنسی کا حصہ گھنٹوں میں بھرجاتا ہے'۔

یہ ہسپتال بھارت کی سب سے بڑی کچی بستی دھاروی کے قریب ہے جو اسے کورونا وائرس کی وبا سے لڑائی کے لیے اہم میدان جنگ بناتا ہے۔

25 سالہ ڈاکٹر آدتیہ نے کہا 'مارچ میں روزانہ ایک یا 2 مشتبہ کیسز آتے تھے، ایسا لگتا تھا کہ سب کچھ قابو میں ہے، مگر پھر صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی آئی'۔

اپریل کے آخر تک ڈاکٹر آدتیہ اور ان کے ساتھی پر بوجھ بہت زیادہ بڑھ چکا تھا 'ہم روزانہ 50 سے 100 مریض دیکھتے، جن میں سے 80 فیصد میں وائرس کی تصدیق ہوجاتی اور متعدد کو آکسیجن کی بھی ضرورت پڑتی'۔

بھارت کے بیشتر سرکاری ہسپتالوں کی طرح آدتیہ کو بھی ماہانہ 700 ڈالرز ملتے ہیں مگر مارچ کے آخر میں لاک ڈاؤن کے بعد سے تنخواہ نہیں مل سکی، درحقیقت 2 ماہ سے تو ایک چھٹی بھی نہیں مل سکی ہے۔

اسی طرح ڈاکٹر کے میڈیکل اسکول کے ایک تہائی سے زائد ساتھیوں میں اس ہسپتال میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے تو کام پر جانے سے خوفزدہ ہے 'اگر کچھ ہوجاتا ہے تو میرا خیال کون رکھے گا؟'

نظام منہدم ہونے کے قریب

سیون ہسپتال ہی ممبئی کا واحد ہسپتال نہیں، درحقیقت اس شہر کے میڈیکل اسٹوڈنٹس سے لے کر ڈاکٹروں کو جدوجہد کا سامنا ہے۔

آئی سی یو کے ماہر دیپک بید، شمالی ممبئی میں ایک نجی ہسپتال چلاتے ہیں، نے رضاکارانہ طور پر ریاست کے زیرانتظام راجاوادی ہسپتال کو اپنی خدمات پیش کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ ہسپتال صرف معتدل علامات والے مریضوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مگر ڈاکٹروں کو اکثر بہت زیادہ بیمار کا علاج کرنا پڑتا ہے۔

اسی طرح مریضوں کا دباؤ اتنا زیادہ ہے کہ مختلف شعبوں جیسے ڈرماٹولوجی یا ہڈیوں کے ماہرین کو بھی انہیں دیکھنا پڑرہا ہے۔

دیپک بید نے کہا 'ہم مریضوں کو زیادہ بہتر ہسپتالوں میں نہیں بھیج سکتے کیونکہ وہاں بستر نہیں، تو جو ہوسکتا ہے ہم کرتے ہیں، طبی نظام پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور یہ پھٹنے کے قریب ہے'۔

ایک اور ڈاکٹر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ناقص حفاظتی آلات کے باعث صفائی کرنے والے عملے کو کورونا وائرس کے مریضوں کے زیراستعمال بستروں کی چادر بدلنے جیسے کام کے دوران خوف کا سامنا ہوتا ہے۔

مکمل نظرانداز کرنا

شہری انتظامیہ کی ایک سنیئر طبی عہدیدار ڈشکا شاہ کے مطابق ممبئی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ساڑھے 4 ہزار بستر ہیں۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا 'ہم گنجائش کو مسلسل بڑھا رہے ہیں، جس کے لیے شہر میں ایک ہزار بستروں کا فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیا ہے'۔

انتظامیہ کی جانب سے اسکولوں کے اندر بھی انتہائی نگہداشت کے یونٹس قائم کیے جارہے ہیں، مگر ممبئی میں کورونا کیسز کی تعداد 18 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جو کہ 2 کروڑ کے قریب آبادی میں نہ ہونے کے برابر ہے، ایسے خدشات بڑھ رہے ہیں کہ اس وبا سے بھارت میں سب سے زیادہ متاثر شہر ممکنہ اضافے کے لیے تیار نہیں۔

بھارت کی جانب سے جی ڈی پی کا 2 فیصد سے بھی کم حصہ طبی خدمات پر خرچ کیا جاتا ہے۔

عالمی بینک کے 2017 کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں ہر ایک ہزار افراد کے لیے 0.8 ڈاکٹر ہیں، یعنی عراق کے برابر، چین میں یہ شرح 1.8 اور امریکا میں 2.6 ہے۔

ودیا بھامرا نے بتایا کہ اس وبا کے دوران سامنے آنے والے بیشتر مسائل کافی عرصے سے موجود تھے، یعنی سپلائیز کی کمی جیسے صابن اور عملے پر بہت زیادہ دباؤ۔

انہوں نے کہا 'میں نے 1994 میں گریجویشن کی تھی اور حکومتی ہسپتال جب بھی نظرانداز کیے جاتے تھے، آخر کوئی وبا ہی لوگوں کو خواب غفلت سے کیوں جگاتی ہے؟'

انگلش میں پڑھیں

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025