• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ڈاکٹر شہباز گِل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط مقرر

شائع May 14, 2020
کابینہ ڈویژن نے تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر
کابینہ ڈویژن نے تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی میڈیا ٹیم میں تقرر و تبادلے کے 2 ہفتے بعد ڈاکٹر شہباز گِل کو معاون خصوصی برائے سیاسی روابط تعینات کردیا گیا۔

اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

شہباز گِل، وزیراعظم کے معاون خصوصی کے طور پر تعینات ہونے والے 15ویں فرد ہیں اور یہ ملکی تاریخ کی پہلی وفاقی کابینہ ہے جس میں معاونین خصوصی کی اتنی بڑی تعداد موجود ہے۔

مزید پڑھیں: فردوس عاشق کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ معاون خصوصی اطلاعات مقرر

ماضی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان کے طور پر فرائض انجام دینے والے شہباز گِل کی شمولیت سے وفاقی کابینہ 51 رکنی ہوگئی ہے۔

وفاقی کابینہ میں27 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت، 15معاونین خصوصی اور 5 مشیر ہیں، اس کے علاوہ 36 پارلیمانی سیکریٹریز ہیں جو قومی اسمبلی کی کارروائی کے دوران صرف وزرا کی نمائندگی کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ شہباز گِل ٹی وی ٹاک شوز میں حکومتی پالیسیوں کا دفاع کرتے رہے ہیں جس کے باعث اپوزیشن جماعتوں نے انہیں وزیراعظم کا خودساختہ ترجمان کہنا شروع کردیا تھا کیونکہ وزیراعظم آفس سے ان کی تعیناتی کا باقاعدہ کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا عہدہ واپس لیتے ہوئے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو نیا معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں رد و بدل، خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل

اس کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیر اطلاعات و نشریات کا عہدہ گزشتہ ایک برس سے خالی تھا۔

علاوہ ازیں ندیم افضل چن اب تک وزیراعظم آفس کے ترجمان کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، مرحوم نعیم الحق بھی وزیراعظم کے ترجمان رہ چکے تھے جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر یوسف بیگ مرزا نے گزشتہ برس نومبر میں معاون خصوصی برائے امور میڈیا کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ وہ میڈیا انڈسٹری میں واپس آنا چاہتے تھے۔


یہ خبر 14 مئی، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024