• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت کا دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان

شائع May 11, 2020
یہ ہماری معیشت کے لیے بھی بہترین ثابت ہوگا، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ — فائل فوٹو
یہ ہماری معیشت کے لیے بھی بہترین ثابت ہوگا، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ — فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے آغاز کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے سماجی اربطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'آج دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان پاکستان کی تمام نسلوں کے لیے تاریخی خبر ہے اور یہ ہماری معیشت کے لیے بھی بہترین ثابت ہوگا۔'

انہوں نے بتایا کہ 'ڈیم کی تعمیر سے 16 ہزار 500 ملازمتیں اور 4 ہزار 500 میگاواٹ پن بجلی بھی پید اہوگی۔'

عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ منصوبے سے 12 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی بھی سیراب ہوگی جبکہ تربیلا ڈیم کی زندگی 35 برس بڑھ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈیمز کی مخالفت کرنے والے کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں‘

واضح رہے کہ 4 جولائی 2018 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی تھی۔

سپریم کورٹ میں اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد ڈیموں کی تعمیر سے متعلق مختصر فیصلہ سنایا تھا۔

چیف جسٹس نے اندرون ملک و بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے ڈیم کی تعمیر کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی اور اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امید ہے عوام 1965 والے جذبے کا ایک بار پھر اظہار کریں گے۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے ڈیموں کی تعمیر کے لئے رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام عطیات کا خصوصی اکاؤنٹ بنانے کی ہدایت کی گئی۔

بعد ازاں اس فنڈ کا نام 'سپریم کورٹ آف پاکستان اینڈ وزیراعظم دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈ' کردیا گیا تھا، جس میں اربوں روپے جمع ہوئے تھے۔

اکتوبر 2018 میں ڈیمز کی تعمیر سے متعلق بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے بتایا تھا کہ مہمند اور دیامر بھاشا ڈیمز پر تعمیراتی کام کا آغاز 2019 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی سے شروع ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: دیامر بھاشا، مہمند ڈیم کی تعمیر کا آغاز 2019 میں ہوگا، چیئرمین واپڈا

خیال رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان واقع ہے، جس میں گلگت بلتستان کا علاقہ بھاشا اور کے پی کے کوہستان کا علاقہ دیامر شامل ہے۔

اس ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بنائی جاسکے گی جبکہ یہ 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024