• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: پاکستان میں ساڑھے 31 ہزار سے زائد افراد متاثر، اموات 691 ہوگئیں

شائع May 11, 2020 اپ ڈیٹ May 12, 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج مزید نئے کیسز کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 31728 ہوگئی ہے جبکہ 691 افراد وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔

سرکاری سطح پر بتائے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1312 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک میں 26 فروری کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس بیرون ملک سے آئے پاکستان میں آیا تھا۔ پہلے کیس کے آتے کے ساتھ ہی مختلف اقدامات اٹھائے گئے تھے، جس میں تعلیمی ادارے، پارکس، کیفیز، ریسٹورینٹ و دیگر چیزوں کی بندش شامل تھی جبکہ بعد ازاں اس پابندیوں کو جزوی لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا تھا۔

سندھ سے شروع ہونے والی اس پابندیوں اور لاک ڈاؤن کو بعد ازاں پورے ملک میں اپنایا گیا تھا اور وفاقی حکومت کی سطح پر بھی جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اس سب کے باوجود ملک میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا رہا اور مارچ کے مقابلے میں اپریل میں مزید کیسز اور اموات دیکھی گئیں۔

تاہم مئی کے آغاز سے پاکستان میں اس وائرس کی ایک نئی لہر کی نظر آرہی ہے اور صرف 10 روز میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد کیسز اور 276 اموات دیکھنے میں آئی ہیں۔

کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے بھی وفاقی حکومت نے 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا، جس کی بنیادی وجہ غریب، دیہاڑی دار اور سفید پوش افراد کی مالی مشکلات بیان کی گئی۔

تاہم ڈاکٹرز نے وفاقی حکومت کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے اور کہا ہے کہ حالات مزید خراب ہوئے تو نظام صحت اس کا بوجھ برداشت نہیں کرپائے گا۔

اگر تمام صورتحال کے بعد کیسز کی بات کریں تو گزشتہ روز بھی ملک میں 1621 نئے کیسز سامنے آئے۔

آج (11 مئی) کو بھی نئے کیسز اور لوگوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی جبکہ وبا سے کئی افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 537 کیس اور 11 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 537 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 12 ہزار 17 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ان 537 کیسز میں سے 432 کراچی میں سامنے آئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 200 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 475 کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں 475 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 11 ہزار 568 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 5 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد یہ تعداد 197 تک پہنچ گئی جبکہ 4 ہزار 323 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی کورونا وائرس کے مزید 206 کیسز اور 12 اموات سامنے آگئیں۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 206 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 4875 ہوگئی۔

محکمہ صحت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں مزید 12 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 257 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو ابتدا میں اس وائرس سے کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 38 نئے کیسز اور ایک موت رپورٹ ہوئی۔

جس کے بعد وہاں اب تک اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 641 سے بڑھ کر 679 ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

محکمہ داخلہ بلوچستان نے کورونا کے 44 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2061 ہوگئی۔

بیان میں وبا سے مزید ایک مریض جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی، یوں صوبے میں اموات کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا کا شکار ہونے والے اب تک 242 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق علاقے میں مزید 12 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 430 سے بڑھ کر 442 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم ان کیسز کے بعد بھی لوگوں کے لیے ایک امید کی کرن مریضوں کا جلد شفایاب ہونا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے صحت پانے والے ان افراد کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 149 لوگوں کا مزید اضافہ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 8063 سے بڑھ کر 8212 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

اس کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو ایک نظر میں دیکھیں تو اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 31684 ہے جس میں سے 690 کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ 8212 افراد صحتیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 22782 ہے۔

صوبہ سندھ میں اس وقت 12017 لوگ متاثر ہیں تو پنجاب میں یہ تعداد 11568 ہوچکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 4875 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں تو وہی بلوچستان 2061 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں یہ تعداد 679 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 442 لوگوں کو وائرس نے متاثر کیا ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 86 افراد بھی اس وبا سے متاثر ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

  • خیبرپختونخوا: 257

  • سندھ: 200

  • پنجاب: 197

  • بلوچستان: 27

  • اسلام آباد: 06

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 30 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024